دہلی کے وزیراعلیٰ نے مرکز کی جانب سے پولیس کے 4 افسران کو رخصت پر بھیجنے پر دھرنا ختم کردیا

دہلی کے وزیر اعلیٰ اور ان کے حامیوں نے گزشتہ رات سے مرکزی حکومت اور اعلیٰ پولیس افسران کے خلاف دھرنا شروع کیا تھا

دھرنے کے باعث دہلی شہر میں بد ترین ٹریفک جام جب کہ 4 میٹرو اسٹیشنز بھی بند رہے۔ فوٹو؛فائل

عام آدمی پارٹی کے رہنما اور دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجروال نے مرکزی حکومت کی جانب سے دہلی پولیس کے 4 افسران کو رخصت پر بھیجے جانے کے اعلان کے بعد دیا جانے والا دھرنا ختم کردیا۔

دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجروال نے ریاستی پولیس کے اعلی افسران کی جانب سے اپنے فرائض میں مسلسل غفلت برتنے پر مرکز سے انہیں برطرف کرنے کا مطالبہ کیا تاہم مرکزی حکومت کی جانب سے مطالبات کی منظوری پر مسلسل عدم دلچسپی کا مظاہرے پر پراروند کیجروال نے بھارتی حکومت اور اعلیٰ پولیس افسران کے خلاف دھرنا شروع کرتے ہوئے گلیوں اور چوراہوں سے ہی ریاستی حکومت چلانے کا اعلان کردیا اور اس دوران ان کی کابینہ کے اراکین سمیت سیکڑوں حامی بھی دھرنے میں شریک ہوگئے۔


دہلی پولیس نے وزیراعلیٰٰ کے دھرنے میں شامل شرکا کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج شروع کردیا جس کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے،دوسری جانب حالات کی سنگینی کو بھانپتے ہوئے مرکزی حکومت نے دہلی پولیس کے چاروں اعلیٰ پولیس افسران کو رخصت پر بھیجنے کے احکامات جاری کردیئے جس کے بعد وزیراعلی دہلی اروند کیجروال نے بھی دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ دہلی اروند کیجروال نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ فرائض کی ادائیگی میں غفلت اور کوتاہی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ دہلی میں سرعام گھومنے والے ملزمان کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔
Load Next Story