دورہ انگلینڈ صہیب مقصود بے خوف کرکٹ کھیلنے کیلیے پرُعزم

پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی کے بعد اعتماد میں اضافہ ہوگیا،بیٹسمین

ٹیم کی ضرورت کے مطابق کسی بھی پوزیشن پر بیٹنگ کے لیے تیار ہوں۔ فوٹو: فائل

صہیب مقصود نے قومی ٹیم میں کم بیک یادگار بنانے کیلیے بے خوف کرکٹ کھیلنے کا عزم کر لیا۔

صہیب مقصود نے پی ایس ایل میں شاندار کارکردگی کی بدولت قومی ٹیم میں جگہ بنائی، گزشتہ روز ورچوئل پریس کانفرنس میں انھوں نے کہا کہ ابوظبی کی سخت گرمی میں کھیلنے کے بعد اب ہم انگلینڈ کی کنڈیشنز سے مطابقت لانے کی کوشش کررہے ہیں،ہمیں یہاں جتنے بھی دن میسر ہیں ان میں اچھی پریکٹس کرکے بہترین پرفارمنس کی کوشش کریں گے، میں اپنے کم بیک کو یادگار بنانے کے لیے کسی ناکامی کا خوف دل سے نکال کر میدان میں اتروں گا۔


انھوں نے مزید کہا کہ میری ساڑھے 5 سال بعد ٹیم میں واپسی ہوئی، کوشش ہوگی کہ موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی جگہ پکی کرلوں، پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی کے بعد میرے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، ٹیم کی ضرورت کے مطابق کسی بھی پوزیشن پر کھیلنے کے لیے تیار ہوں، ڈومیسٹک کرکٹ اور پی ایس ایل میں بے خوف ہوکر کھیلا، اسی سوچ کے ساتھ بغیر کوئی دباؤ لیے پاکستان کی نمائندگی کرؤں گا، نیچرل انداز میں کھیل کر ناکام بھی ہوا تو کوئی دکھ ہوگا نہ ہی کرکٹ کا سفر ختم ہونے کا خدشہ ہے۔

صہیب مقصود نے کہا کہ میں انگلش کنڈیشنز سے واقف اور یہاں لیگ کرکٹ کھیل چکا ہوں، اینڈی فلاور ایک زبردست کوچ ہیں، انھوں نے تمام کھلاڑیوں کے ساتھ اپنا تجربہ شیئر کیا،ان کی ہدایات اور مشوروں سے مجھے بھی پرفارمنس میں بہتری لانے کاموقع ملا، کوشش ہوگی کہ پاکستان کی جانب سے کھیلتے ہوئے اسی فارم کو برقرار رکھتے ہوئے توقعات پر پورا اتروں۔
Load Next Story