سپریم کورٹ اوگرا کیس میں پیشرفت نہ ہونے پر برہم چیئرمین نیب آج طلب

توقیرصادق کو نیب دفتر سےفرارکرایا گیاپھرنیب اہلکارلانے کیلیے کھٹمنڈو اور دبئی کے چکرلگاتے رہے،صورتحال پرتشویش ہے،عدالت

عدالت نہیں چاہتی کہ ملک لوٹنے والوں کو تحفظ ملے، جسٹس جواد، فوٹو:فائل

لاہور:
سپریم کورٹ نے اوگرا کرپشن عملدرآمد کیس کے بارے میں نیب کی رپورٹ مسترد کر دی ہے اور چیئرمین نیب کو عملدرآمد نہ کرنے کی وضاحت کیلیے آج طلب کر لیا ہے۔

منگل کو جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے فیصلے پر عملدرآمد کے لیے مزید 2 ہفتے کی مہلت دینے سے متعلق پراسیکیوٹر جنرل نیب کے کے آغا کی استدعا مستردکردی۔عدالت نے قراردیا کہ نیب کو توقیر صادق کی غیر قانونی تقرری کے ذمے داروںکے خلاف فوری کارروائی کرنے،توقیر صادق پر مقدمہ چلانے اور لوٹے گئے82ارب روپے وصول کرنے،کیس پر اثرانداز ہونے والے نیب افسران اور توقیر صادق کو بیرون ملک فرارکرانے والے افرادکا تعین کرنے کا حکم دیا گیاتھا لیکن 2 سال اور2 مہینے گزرنے کے باوجود فیصلے پر عمل نہیں ہوا۔جسٹس جواد ایس خواجہ نے ریمارکس دیے نیب اور عدالت 2 مخالف ادارے نہیں بلکہ ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلیے دونوںکا مقصدایک ہے، عدالت نہیں چاہتی کہ ملک لوٹنے والوںکو تحفظ ملے،انہیں ملک سے فرارکرایا جائے اور بدعنوانوں کو بچانے کے لیے سپریم کورٹ کے احکام پامال کیے جائیں۔




پراسیکیوٹر جنرل نیب نے بتایا اوگرا کیس کے دو پہلو ہیں۔ایک بدعنوانی اور دوسرا توقیر صادق کی تقرری ۔کرپشن کے معاملے میں انکوائری مکمل ہے اور ریفرنس دائرکر دیا گیا ہے۔عدالت نے استفسارکیا توقیر صادق کی تقرری پرکس کس کیخلاف کارروائی ہوئی توکے کے آغا نے لاعلمی کا اظہارکیا۔عدالت نے سماعت کچھ دیر ملتوی کرکے پراسیکیوٹر جنرل کو معلومات حاصل کرنے کی ہدایت کی۔سماعت دوبارہ شروع ہوئی توکے کے آغا نے بتایا کہ اوگرا کرپشن کا معاملہ نیب راولپنڈی کے پاس ہے اور انکوائری افسر ریکارڈ لاک کرکے کراچی چلا گیا ہے۔ پراسیکیوٹر جنرل نیب کا کہنا تھا کہ اگلے 2 ہفتے میں ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ میں اس بارے میں فیصلہ کر دیا جائے گا۔

جسٹس جواد نے کہا توقیر صادق نیب دفتر سے فرارکرائے گئے اور پھر ان کولانے کے لیے نیب اہلکارکٹھمنڈو اور دبئی کے چکر لگاتے رہے، یہ صورتحال ہمارے لیے باعث تشویش ہے، عدالت نے عملدرآمدکے لیے15احکام جاری کیے اور ہردفعہ نیب کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہارکیا لیکن نتیجہ اب بھی صفر ہے۔این این آئی کے مطابق عدالت نے چیئرمین نیب کوبدھ کو طلب کرلیا ہے۔ عدالت نے اوگرا عملدرآمدکیس کی تحقیقات میں پیشرفت نہ ہونے پر سخت برہمی کااظہارکیا ،جسٹس جواد نے ریمارکس دیے کہ کسی اچھے نتیجے کی توقع ہو تو عدالت دو سال کا وقت بھی دیدے، اتنا بڑا کرپشن کیس ہے، نیب سنجیدگی نہیں دکھا رہا، نیب نے ہمیشہ وقت ہی مانگا ہے،کبھی بدعنوان عناصرکیخلاف کارروائی نہیں کی۔
Load Next Story