اداکاری کا ایک عہد ختم مداح دلیپ کمارکے انتقال پرآبدیدہ

بھارتی سینیما ایک بہترین اداکارسے محروم ہوگیا، بھارتی وزیراعظم نریندرمودی

مختلف اداکاری کے رنگ چھڑکنے والے دلیپ کمارکوشہنشاہ جذبات، ٹریجڈی کنگ، برصغیرکا عظم اداکارجیسے ناموں سے پکارا جاتا رہا: فوٹو: فائل

بالی ووڈ کے ٹریجڈی کنگ دلیپ کمارکے انتقال کے بعد بلاشبہ اداکاری کا ایک باب ختم ہوگیا لیکن دلیپ کمار بالی ووڈ سمیت دنیا بھر میں اپنے کروڑوں مداحوں کو اداس کرگئے۔

پشاورکے قصہ خوانی بازارکے فرزند محمد یوسف خان نے اداکاری کے میدان میں جب قدم رکھا تو پھر پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور کامیاب اداکاری کی سیڑھیاں چڑھتے رہے اورنہ صرف بھارت و پاکستان کے ناظرین بلکہ دنیا کو محظوظ کرتے رہے۔



اپنی فلموں میں مختلف اداکاری کے جوہر دکھانے والے دلیپ کمارکوشہنشاہ جذبات، ٹریجڈی کنگ، برصغیرکا عظم اداکار جیسے ناموں سے پکارا جاتا رہا۔ ان کی اداکاری کی دنیا دیوانی تھی، ایک نہیں، دو نہیں بلکہ متعدد کامیاب فلموں میں اداکارنے اپنے جذبات کی عکاسی اوربہترین اداکاری سے لوگوں کے دلوں میں جگہ بنائی۔



یہ ہی وجہ ہے ان کے انتقال کے بعد ان کےاہل خانہ سمیت دنیا بھر میں موجود ان کے مداح غم میں مبتلا ہوگئے ہیں اورانہیں یاد کرکے آبدیدہ ہیں۔




بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ دلیپ کمار کے اہل خانہ سے تعزیت کرتا ہوں، دلیپ کمارسلوراسکرین کے مایہ نازاداکارتھے، بھارتی سینیما ایک بہترین اداکارسے محروم ہوگیا ہے، اداکارنے سینما سے محبت کرنے والوں کی نسلوں کو اپنی ناقابل یقین اداکاری اور مشہور کرداروں سے تفریح فراہم کی۔





راہول گاندھی نے کہا کہ بھارتی سینیما میں دلیپ کمارکی لازوال اداکاری آنے والی نسلوں کے لیے یاد رکھی جائے گی۔





اداکارامیتابھ بچن نے کہا کہ جب بھی بھارتی سینیما کی تاریخ لکھی جائے گی تو'دلیپ کمار سے پہلے اور دلیپ کے بعد' لکھی جائے گی۔ میں ان کے خاندان سے اس بڑے نقصان کے لیے تعزیت کرتا ہوں اداکارکی روح کے سکون کی دعا کرتا ہوں۔ دلیپ کمار نہیں بلکہ ایک اداکاری کا ایک ادارہ ختم ہوگیا۔

Load Next Story