پاکستان کیساتھ مل کر افغانستان کا سیاسی حل تلاش کرینگے چین

ہم دونوں کو ایک دوسرے کی بھرپورضرورت ہے، سی پیک میں تیسرے فریق کی شمولیت کاخیر مقدم کیاجائیگا،وڈیو لنک خطاب

توجہ جیوپالیٹکس سے جیو اکنامکس کی طرف تبدیل ہوگئی،شاہ محمود،چین کیلیے برآمدات 30 فیصدبڑھیں، عبدالرزاق داؤد۔ (فوٹو: چائنا میڈیا)

چین نے کہا ہے کہ پاکستان کیساتھ مل کر افغانستان کا سیاسی حل تلاش کرینگے۔

چینی وزیر خارجہ وانگ اِی نے کہا ہے افغانستان کامستقبل چین اور پاکستان دونوں کیلیے اہم چیلنج ہے، انھوں نے پاک چین تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے کے حوالے سے تقریب میں بذریعہ وڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان کے ساتھ مل کر مذاکرات کے ذریعے سیاسی حل تلاش کرنے،قومی مفاہمت کے حصول اور پائیدار امن کیلیے مختلف دھڑوں کی حمایت کرتا رہے گا۔

وانگ ای نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان اسٹریٹیجک روابط میں اضافہ ضروری ہے جبکہ ہر نوعیت کے روابط اور معلومات کا تبادلہ برقرار رکھیں گے،دونوں ممالک کو علاقائی امن کے تحفظ کیلیے ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

انھوں نے مزیدکہا چین اور پاکستان کثیرالجہتی اصولوں کے امین ہیں،ہم دونوں کو ایک دوسرے کی بھرپورضرورت ہے، سی پیک میں تیسرے فریق کی شمولیت کاخیر مقدم کیاجائیگا۔


وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا پاکستان کی توجہ جیوپالیٹکس سے جیو اکنامکس کی طرف تبدیل ہوچکی، ترقیاتی شراکت داری، رابطوں کی استواری اور علاقائی امن کے ذریعے پاکستان کو ترقی کی جانب گامزن اور معاشی طورپر مضبوط ملک بنانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وَن چائنا پالیسی کومقدم رکھتے ہوئے تائیوان، تبت، سنکیانگ، ہانگ کانگ اور جنوبی چین کے سمندری معاملے پر ہمیشہ حمایت کی جبکہ چین نے منصفانہ موقف برقرار رکھتے ہوئے تنازع جموں وکشمیر پر پاکستان کی حمایت کی ہے.

شاہ محمود نے اپنے بیان اورٹی وی انٹرویومیں کہا امریکہ امن مذاکرات میں بیٹھے نہ بیٹھے،افغانوں کو بیٹھنا ہے۔طالبان کو بھی سوچنا چاہیے وہ دنیا سے لاتعلق نہیں رہ سکتے، انہیں تشدد ترک اور امن کا راستہ اپنانا ہوگا، شنید ہے وہ جلد امن تجاویز پیش کرنے والے ہیں.

مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہاچین کیلیے برآمدات میں 30 فیصداور ورک ویزا میں 42 فیصداضافہ ہوا،اقتصادی راہداری کے منصوبے طے شدہ وقت میں مکمل کریں گے۔ چین نے چند سال قبل چاول کا نیا پودا متعارف کرایا،اسے سندھ میں اگایا گیا تو پیداوار میں کئی گنا اضافہ ہوا۔ اس کے نتیجے میں ہماری غیرباسمتی چاول کی پیداوار اور برآمدات میں بھی اضافہ ہوا۔

 
Load Next Story