طالبان نے ایران سے متصل افغانستان کی اہم سرحد کا کنٹرول حاصل کرلیا

طالبان اب تک افغانستان کی تاجکستان، ترکمانستان، چین اور ایران سے متصل سرحدوں کا کنٹرول حاصل کرچکے ہیں

طالبان کے حملے پر افغان فوجی اہلکار ایران فرار ہوگئے، فوٹو: فائل

طالبان نے سیکیورٹی فورسز سے جھڑپ کے بعد ایران سے ملحقہ افغان سرحد کا کنٹرول حاصل کرلیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان اور کابل فوج کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے، تازہ جھڑپوں میں طالبان نے ایران سے متصل افغانستان کی سب سے اہم اور مرکزی سرحد کا کنٹرول حاصل کرلیا جب کہ افغان فوجی اہلکار اپنی جانیں بچانے کے لیے ایران کی سرحد عبور کر گئے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : طالبان کا بدخشاں کے متعدد اضلاع پر قبضہ، افغان فوجی تاجکستان فرار

عربی زبان میں ایران کے سرکاری ٹیلی وژن العلام نے بھی اطلاع دی ہے کہ افغان فوجی طالبان کے حملے سے بچنے کے لیے بارڈر کراس کر کے ایرانی حدود میں داخل ہوگئے تھے۔ اس سے قبل بدخشاں میں لڑائی کے دوران بھی افغان فوجی اہلکار تاجکستان فرار ہوگئے تھے۔

یہ خبر پڑھیں : افغان حکومت اور طالبان کے درمیان افغانستان میں پُرامن سیاسی حل پراتفاق


افغان سیکیورٹی فورس کے دو عہدیداروں نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر عالمی خبر رساں ادارے ''رائٹرز'' کو بتایا کہ طالبان نے مغربی افغانستان کے صوبے ہرات کے ایک اہم ضلع کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے جس میں ایران کے ساتھ ایک اہم سرحد قلعہ اسلام بھی شامل ہے۔

یہ پڑھیں : امریکی فوجی بغیر بتائے راتوں رات بگرام فضائی اڈہ خالی کرگئے، افغان کمانڈر کا شکوہ

اسی طرح ازبکستان سے متصل شمالی صوبے بلخ میں بھی طالبان اور افغان فوج کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔ طالبان نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران افغانستان سے متصل ایران، تاجکستان، ترکمانستان اور چین سے متصل افغان سرحدوں پر سیکیورٹی فورسز کو شکست دیکر قبضہ حاصل کرلیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : طالبان کی پیش قدمی ؛ تاجک صدر کا افغان سرحد پر 20 ہزار فوجی تعینات کرنے کا حکم

دوسری جانب افغانستان کی وزارت داخلہ کے ترجمان طارق آرائیں نے افغان سرحد پر طالبان کے قبضے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران سے متصل سرحد قلعہ اسلام اب بھی سرکاری فورسز کے کنٹرول میں ہے۔

واضح رہے کہ 11 ستمبر تک امریکی اور غیر ملکی فوج کے انخلا کے بعد افغانستان میں 20 سالہ جنگ کا خاتمہ ہوجائے گا تاہم اس سے قبل ہی طالبان اور افغان سیکیورٹی فورسز کے درمیان علاقوں کا کنٹرول حاصل کرنے کے لیے جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔
Load Next Story