نئے امیر جماعت کیلیے منورحسن سراج الحق لیاقت بلوچ نامزد

الیکشن شیڈول جاری، 32ہزار400ارکان ووٹ ڈالینگے، بیلٹ پیپر یکم مارچ تک پہنچیں گے.

انتخابی عمل2 ماہ میں مکمل ہوگا،نئے امیرکا اعلان اپریل کے پہلے ہفتے میں کیا جائیگا ۔ فوٹو: فائل

جماعت اسلامی کے نئے امیر کے انتخاب کیلیے الیکشن شیڈول جاری کردیا گیا، یہ انتخاب انتہائی خفیہ طریقے سے کیا جائیگا اور اس میں31دسمبر 2013 تک بننے والے ارکان جماعت کو حق رائے دہی حاصل ہو گا۔

جن کی تعداد کم وبیش 32,400ہے،5 سالہ مدت کیلیے منتخب امیر جماعت اسلامی کا حتمی اعلان اپریل کے پہلے ہفتے میں کیا جائیگا۔ جماعت اسلامی ملک کی واحد سیاسی، مذہبی جماعت ہے جس میں قیادت کا انتخاب جمہوری عمل کے ذریعے کیا جاتا ہے، مرکزی شوریٰ کیطرف سے رہنمائی کیلیے تین افراد نامزد کیے جاتے ہیں، تاہم کسی کو بھی مہم چلانے، اپنے حق میں پروپیگنڈاکرنے، لابنگ کرنے یا گروہ بندی کی اجازت نہیں ہوتی بلکہ منصب کی خواہش رکھنے والوں کو نااہل قرار دیدیا جاتا ہے، ارکان جماعت تین نامزدگیوں سے ہٹ کرکسی بھی رکن کو ووٹ دے سکتے ہیں، اس دفعہ مرکزی شوریٰ کی طرف سے سید منور حسن، سراج الحق اور لیاقت بلوچ کے نام آچکے ہیں۔




جماعت اسلامی کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات قیصر شریف نے ''ایکسپریس'' سے خصوصی ملاقات میں بتایا کہ مرکزی ناظم انتخاب عبدالحفیظ احمد کی طرف سے امراکو ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، شیڈول کے مطابق صوبائی دفاتر10فروری، ضلعی دفاتر20فروری جبکہ ارکان تک بیلٹ پیپر پہنچانے کی آخری تاریخ یکم مارچ ہے۔ امرا سے کہا گیا ہے کہ ارسال کردہ اور موصول شدہ بیلٹ پیپرکا گوشوارہ مرتب کرلیں اور پیکٹ زیادہ سے زیادہ 25مارچ کی شام تک صوبائی دفتر میں پہنچا دیا جائے، یہ تمام انتخابی عمل تقریباً دوماہ کے اندر مکمل ہو گا۔
Load Next Story