پاکستان میں موجود دلیپ کمارکے بھانجے سینیٹر محسن عزیز کا اداکار کو خراج تحسین

دلیپ کمار جیسے لوگ صدیوں میں ایک بار پیدا ہوتے ہیں، سینیٹر محسن عزیز

دلیپ کمار کے انتقال کی خبر نے بھارتی شوبز انڈسٹری کے ساتھ پاکستانیوں کو بھی افسردہ کردیا۔ فوٹوفائل

KARACHI:
بالی ووڈ کے شہنشاہ جذبات مرحوم اداکار دلیپ کمار کو ان کے پاکستان میں موجود بھانجے سینیٹر محسن عزیز نے خراج تحسین پیش کیا ہے۔

بھارتی فلم انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار رواں ماہ 7 جولائی کو 98 برس کی عمر میں اپنے چاہنے والوں کو غمزدہ چھوڑ کر ہمیشہ کے لیے اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔ ان کے انتقال کی خبر نے بھارتی شوبز انڈسٹری کے ساتھ پاکستانیوں کو بھی افسردہ کردیا۔

دلیپ کمار کے انتقال کی خبر پر جہاں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور سیاستدانوں نے غم کا اظہار کیا۔ وہیں پاکستانی وزیراعظم عمران خان اور پاکستانی سیاستدانوں نے بھی دلیپ کمار کے چلے جانے کو شوبز انڈسٹری کے لیے بڑا نقصان قرار دیا۔ شہنشاہ جذبات دلیپ کمار کے پاکستان میں موجود بھانجے سینیٹر محسن عزیز نے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔


سینیٹر محسن عزیز نے دلیپ کمار کی یاد میں رکھی گئی ایک تقریب میں کہا دلیپ کمار صرف اداکار نہیں تھے بلکہ وہ ایک ادارہ تھے اور ان کی طرح کے لوگ صدیوں میں ایک بار پیدا ہوتے ہیں۔

سینیٹر محسن عزیز نے دلیپ کمار کی خوبیاں بیان کرتے ہوئے کہا وہ نہ صرف ایک باوقار آدمی تھے بلکہ ان کی طبیعت میں عاجزی اور انکساری بھی تھی۔ انہوں نے اپنی محنت سے ہزاروں، لاکھوں لوگوں کے دل جیتے۔ دلیپ کمار نے اداکاری کے ساتھ ساتھ لوگوں کی بھلائی کے لیے فلاحی اور سماجی کام بھی کیے۔

واضح رہے کہ بالی ووڈ کے دلیپ کمار کا تعلق پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے شہر پشاور سے تھا۔ وہ پشاور کے قصہ خوانی بازار میں پیدا ہوئے تھے اوران کا نام یوسف رکھا گیا تھا۔ تاہم انہوں نے فلم انڈسٹری میں دلیپ کمار کے نام سے کام کیا اور شہرت حاصل کی۔ 1998 میں پاکستانی حکومت کی جانب سے دلیپ کمار کو سب سے بڑے سول اعزاز ''نشان امتیاز'' سے نوازا گیا تھا۔
Load Next Story