بھارت میں جنونی ہندوؤں کا دلت نوجوان پر بہیمانہ تشدد ویڈیو وائرل

اونچی ذات سے تعلق رکھنے والے 4 جنونی ہندوؤں نے دلت نوجوان کو مار مار کر بے ہوش کردیا

تشدد کا نشانہ بننے والے ابھے کی ماں نے تھانے میں ایف آئی آر درج کرادی، فوٹو: فائل

بھارت میں اونچی ذات کے جنونی ہندوؤں نے نچلی ذات کے دلت نوجوان کو ڈنڈوں سے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش میں 18 سالہ دلت نوجوان کو اونچی ذات سے تعلق رکھنے والے چار جنونی ہندوؤں نے ڈنڈوں، لاتوں اور گھونسوں سے بے رحمانہ طور پر پیٹا جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

فیروز آباد کے پولیس اسٹیشن میں تشدد کا نشانہ بننے والے نوجوان ابھے کی والدہ ممتا دیوی نے ایف آئی آر درج کرائی ہے جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ہرنام نامی شخص نشے کی حالت میں تیز رفتار ٹریکٹر چلا رہا تھا،ہمارا خاندان حادثے سے بال بال بچا، جب میرے بیٹے نے ہرنام کو اس طرح کرنے سے روکا تو وہ گالیاں بکنے لگا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے چلا گیا۔




دوسرے روز جب میرا بیٹا اپنی سائیکل پر مارکیٹ جا رہا تھا تو ہرنام کے بیٹے اور بھتیجوں وریندر، اوبائے، شیوام اور ستیام نے اسے پکڑ کو تشدد کا نشانہ بنایا، ملزمان مغلظات بکتے رہے اور ویڈیو بھی بنائی تاکہ پورے گاؤں میں بدنام کر سکیں۔

ابھے کی والدہ کا مزید کہنا تھا کہ جب میں وہاں پہنچی تو میرا بیٹا بے ہوش پڑا تھا، ہم اسے اسپتال لے کر گئے جہاں اسے طبی امداد دی گئی۔ بااثر ملزمان اب بھی ہمیں ڈرا دھمکا رہے ہیں۔
Load Next Story