جامعہ کراچیVC کے امیدواروں کے تحقیقی مقالوں کی تصدیق کا فیصلہ

تلاش کمیٹی کا اجلاس، درخواستوں کی اسکروٹنی، 8 امیدوار انٹرویو کیلیے شارٹ لسٹ۔

آرٹ اینڈ ڈیزائن یونیورسٹی جامشورو کے وائس چانسلر کیلیے دوبارہ اشتہار جاری کیا جائیگا فوٹو: فائل

سندھ کی سرکاری جامعات میں وائس چانسلر کے انتخاب کے سلسلے میں قائم تلاش کمیٹی نے جامعہ کراچی کے سربراہ کے عہدے کے خواہشمند شارٹ لسٹڈ امیدواروں کے تحقیقی مقالوں کی اعلی تعلیمی کمیشن سے تصدیق کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

منگل کے روز تلاش کمیٹی کے کنوینئر ڈاکٹر قدیر راجپوت کی زیر صدارت اجلاس منعقدہ ہوا، اجلاس میں جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کے عہدے کے لیے موصولہ درخواستوں کی اسکروٹنی کی گئی۔

واضح رہے کہ یہ اسکروٹنی پہلے دیے گئے اشتہار کے تحت کی گئی کیونکہ بعد میں دیے گئے اشتہار کو عدالت کالعدم قرار دے چکی تھی، تلاش کمیٹی کو پہلے اشتہار کے تحت 13 درخواستیں موصول ہوئی تھیں جبکہ منگل کو تلاش کمیٹی نے دوران اجلاس 8 امیدواروں کو انٹرویو کے لیے شارٹ لسٹ کیا تاہم ایک طویل بحث کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ جن 8 امیدواروں کو انٹرویو کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔


انٹرویو سے قبل ان کے ریسرچ پیپرز کی ایچ ای سی تصدیق کرائی جائے اور معلوم ہوسکے کہ کل 25 میں سے کتنے تحقیقی مقالے ایچ ای سی سے recognize جرنلز میں شائع ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ پہلے اشتہار میں امیدواروں کے لیے کم از کم 25 ریسرچ پیپرز کی اشاعت لازمی تھی، علاوہ ازیں اجلاس میں جن 8 امیدواروں کو اگلے مرحلے کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا ان میں جامعہ کراچی کے موجودہ وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی، سندھ یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر فتح محمد برفت، لاء یونیورسٹی کراچی کے ڈین ڈاکٹر رخسار، خیرپور یونیورسٹی کے پرووائس چانسلر ڈاکٹر یوسف خشک، جامعہ کراچی کے پروفیسر ڈاکٹر جمیل کاظمی، ڈاکٹر عارف کمال، ڈاکٹر پیرزادہ جمال، سابق ڈین ڈاکٹر مونس احمر شامل ہیں۔

مزید براں آرٹ اینڈ ڈیزائن یونیورسٹی جامشورو کے حوالے سے یہ فیصلہ کیا گیا کہ چونکہ جو درخواستیں مذکورہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے عہدے کے لیے موصول ہوئی ہیں ان میں سوائے بھائی خان شر کے مزید کوئی امیدوار دیے گئے اشتہار میں درج مطلوبہ قابلیت پر پورا نہیں اترتا لہٰذا ڈاکٹرکیف غزنوی، ڈاکٹر ارشد سلیم، سعید منگی، ڈاکٹر محمود اورڈاکٹر علی رضا سمیت تمام درخواستوں کو مسترد کردیا گیا اور آرٹ اینڈ ڈیزائن یونیورسٹی جامشورو کے وائس چانسلر کے عہدے کے لیے دوبارہ اشتہار جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
Load Next Story