ایسا الیکشن کرائیں گے کہ اپوزیشن بھی شکست قبول کرے گی وزیراعظم

ای وی ایم مشین دھاندلی کو ختم کر دے گی، وزیر اعظم

حکومت کا کام عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہے، وزیر اعظم فوٹو: فائل

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ایسا الیکشن کرائیں گے کہ اپوزیشن بھی شکست قبول کرے گی۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ اسلام آباد کی آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے، آبادی بڑھنے کے باعث سبزہ ختم ہو رہا ہے، تعمیرات پھیلتی جا رہی ہیں۔ اسلام آباد کا نیا ماسٹر پلان لانے کی ضرورت ہے۔ زمینوں کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں اور قبضہ مافیا بھی سرگرم ہے۔ قبضہ گروپ کے خلاف کارروائی ہوتی ہے تو ضمانت کر کے باہر آ جاتے ہیں۔ اسلام آباد میں درخت آسانی سے اگتے ہیں اس لیے ہمیں اسلام آباد میں جنگلات بڑھانے ہیں اور مثال قائم کرنی ہے۔


اس سے قبل نادرا وراثتی سرٹیفیکیٹ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کا کام عوام کے لئے آسانیاں پیدا کرنا ہے، ہمیں ٹیکنالوجی کے استعمال سے عوام کے لئے آسانیاں پیدا کرنی چاہئیں، پہلے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو وراثتی سرٹیفکیٹ کے لیے پاکستان آنا پڑتا تھا، اب اوورسیز پاکستانی بیرون ملک ہی بائیو میٹرک تصدیق سے سند لے سکتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں ٹیکنالوجی کے استعمال سےعوام کے لئے آسانیاں پیدا کرنی چاہئیں، چیئرمین نادرا سے امید ہے کہ وہ عوام کے لیے ہر ممکن آسانی پیدا کریں گے۔ آن لائن نظام سے زمینوں کا ریکارڈ محفوظ رکھا جاسکتا ہے، لینڈ رجسٹری اور دیگر ریکارڈ کی فائلیں گُم یا پھر جلادی جاتی تھیں، پیپرلیس نظام آنے سے فراڈ ختم ہوجاتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت 90 لاکھ پاکستانی بیرون ممالک مقیم ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کے تعاون سے ملک چلتا ہے، کوشش ہے اوورسیز پاکستانی ای ووٹنگ سے ووٹ کاسٹ کر سکیں، پولنگ ختم ہونے اور نتائج کے دوران دھاندلی ہوتی ہے، ای وی ایم مشین دھاندلی کو ختم کر دے گی، ایسا الیکشن کرائیں گے کہ اپوزیشن شکست قبول کرے گی۔
Load Next Story