فلم میں سونو سود کی پٹائی دیکھ کر ان کا 7 سالہ مداح آپے سے باہر

میں اپنا پسندیدہ اداکار سونو سود کو مار کھاتے ہوئے نہیں دیکھ سکتا، بچے کا جواب

میں اپنا پسندیدہ اداکار سونو سود کو مار کھاتے ہوئے نہیں دیکھ سکتا، بچے کا جواب

لاہور:
7 سالہ بچے نے فلم کے ایک سین کے دوران اپنے پسندیدہ اداکار سونوسود کی پٹائی پر غصے میں ٹی وی ہی توڑ دیا۔

بھارت میں گزشتہ سال سے کورونا وبا کے باعث دیگر شعبوں سمیت بالی ووڈ فلم انڈسٹری بھی مشکلات کا شکار ہے ایسے میں فلم اسٹار شوٹنگ نہ ہونے کے باعث سماجی کاموں میں سرگرم ہیں اور معاشی مشکلات کا شکار بھارتی شہریوں کی مختلف طریقوں سے مدد کررہے ہیں۔

بھارت کے نامور اداکار سلمان خان سے لیکر اکشے کمار تک، سب ہی کورونا وائرس سے نبردآزما بھارتیوں کی مالی مدد کررہے ہیں اور اداکار سونو سود نے بھی لاک ڈاؤن کے دوران شہریوں کی مدد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جس کے باعث ان کی شہرت میں بے پناہ اضافہ ہوا اور انہیں بھارتی وزیراعظم بنانے کا بھی مطالبہ کیا گیا تاہم اب اداکار سے متعلق ایک اور دلچسپ خبر سامنے آئی ہے۔




رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست تیلنگانا کے ضلع سنگاریڈی کے ایک چھوٹے سے گاؤں میں 7 سالہ بچہ اپنی فیملی کے ہمراہ تیلگو اسٹار مہیش بابو کی فلم دیکھ رہےتھے جس میں اداکار سونو سود نے ولن کا کردار ادا کیا اور فلم کے ایک سین کے دوران جب ہیرو ولن کی پٹائی کررہا تھا تو یہ سین سونو سود کے ننھے مداح سے برداشت نہ ہوا اور اس نے غصے میں آکر اپنا ٹی وی اٹھا کر پٹخ دیا۔

ماں نے غصے میں آکر بچے کی پٹائی کی تو اس نے جواب دیا کہ میں اپنا پسندیدہ اداکار سونو سود کو مار کھاتے ہوئے نہیں دیکھ سکتا، یہ ہوتا کون ہے سونو سود کو مارنے والا، میں یہ برداشت نہیں کرسکتا۔

جس پر ماں نے کہا کہ یہ تو فلم چل رہی ہے اور بچے سے سوال کیا کہ آپ سونو سود کو کیسے جانتے ہو؟ جس پر اداکار کے ننھے مداح نے جواب دیا، کیا سونو سود نے لاک ڈاؤن کے دوران لاکھوں لوگوں کی مدد نہیں کی تھی اور میں فلم میں بھی سونو سود کی پٹائی برداشت نہیں کرسکتا۔
Load Next Story