گرین شرٹس کی ناکامیوں پرسابق کرکٹرزتلملا اٹھے

کارکردگی شرمناک ہے،اوسط درجے کا بورڈاوسط لوگوں کوآگے لاتا ہے،شعیب اختر

پرستاروں کیلیے تکلیف دہ دن تھا(رمیز)وقاربولنگ میں بہتری نہیں لا سکے،انضمام ۔ فوٹو : فائل

انگلینڈ میں گرین شرٹس کی ناکامیوں پر سابق کرکٹرز بھی تلملا اٹھے اورکہا کہ قومی ٹیم کی کارکردگی شرمناک ے۔

انگلینڈ کی ''بی'' ٹیم سے گرین شرٹس کے کلین سوئپ پر شائقین و سابق کرکٹرز سخت غصے میں ہیں،سابق اسپیڈ اسٹارشعیب اختر نے کہاکہ کارکردگی شرمناک ہے،اوسط درجے کا بورڈ،اوسط درجے کے لوگوں کو آگے لاتا ہے،مینجمنٹ بھی اوسط درجے کی ہے لہذا ایسی ہی ٹیم بنائے گی، ان سے غیر معمولی نتائج کی توقع نہیں رکھی جا سکتی،اگر آپ ایسا کریں تو غلطی پر ہوں گے۔


سابق کپتان رمیز راجہ نے کہاکہ گرین شرٹس کو انگلینڈ کی ''بی'' ٹیم نے کلین سوئپ کردیا، پاکستان کرکٹ اور پرستاروں کیلیے یہ ایک تکلیف دہ دن تھا،مجھے نتائج پر زیادہ تعجب بھی نہیں ہوا کیونکہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ایسا ہوتا نظر آ رہا تھا،ٹیم ذہنی طور پر منتشر لگی،ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ پاکستانی کرکٹرز پہلے ون ڈے میں شکست پر ہی خواب غفلت سے جاگ جاتے مگر ایسا نظر نہیں آیا، صرف 2 دن میں اکٹھی کی جانے والی میزبان ٹیم نے ہمیں چاروں شانے چت کردیا۔

سابق کپتان انضمام الحق نے کہاکہ مڈل آرڈر بیٹنگ مسلسل ناکام ہے،ٹاپ آرڈر رنز نہ بنائے تو صورتحال قابو میں نہیں رہتی، ٹیم کم رنز بناتی ہے تو بولرز سے امیدیں وابستہ ہوتی ہیں مگر اس شعبے میں بہتری کے آثار نظر نہیں آتے، وقار یونس جیسا تجربہ کار بولنگ کوچ ہونے کے باوجود پیسرز کا اتنے زیادہ رنز دینا سمجھ سے بالاتر ہے۔

انھوں نے کہا کہ حارث رؤف مہنگے ثابت ہورہے ہیں،شاہین شاہ آفریدی اچھے بولر ہیں مگر بولنگ میں ورائٹی کیلیے سیکھنے کا عمل جاری نہ رکھا تو بیٹسمینوں کیلیے اسٹروکس کھیلنا آسان ہوتا چلا جائے گا۔
Load Next Story