عیدالاضحیٰ پر پبلک ٹرانسپورٹ بند ہوگی معاون خصوصی صحت

ہماری توجہ بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بند کرنے کے بجائے متاثرہ علاقوں پر ہے، ڈاکٹر فیصل سلطان

کورونا کی اقسام کو ایک ملک سے دوسرے ملک جانے سے نہیں روکا جاسکتا، ڈاکٹر فیصل سلطان فوٹو: فائل

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ پر پبلک ٹرانسپورٹ بند ہوگی تاہم ہماری توجہ بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بند کرنے کے بجائے متاثرہ علاقوں پر ہے۔

معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے اپنی ٹوئٹ میں کورونا کے اعداد و شمار بتاتے ہوئے کہا کہ ملک میں کورونا کیسز مسلسل بڑھ رہے ہیں، کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 19، پشاور میں 9.4، اسلام آباد میں 6.2 جب کہ لاہور میں 3.8 فیصد ہے، عوام نے ویکسین بھی لگوا رکھی ہے تب تب بھی ماسک پہنیں۔




اس سے قبل ایکسپریس نیوز کے پروگرام ایکسپریسو میں گفتگو کے دوران ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ کوئی بھی وائرس جب آتا ہے تواس کی اقسام بھی سامنے آتی ہیں، کورونا کی اقسام کو ایک ملک سے دوسرے ملک جانے سے نہیں روکا جاسکتا،اس کو کم کیا جاسکتاہے لیکن مکمل ختم نہیں کیا جاسکتا۔

ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کورونا کیسز کی تعداد زیادہ ہے تاہم پنجاب میں کورونا کیسز کی تعداد دیگر صوبوں کی نسبت کم ہے، ہماری توجہ بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بند کرنے کے بجائے متاثرہ علاقوں پر ہے، متاثرہ علاقوں میں زیادہ پابندیاں لگائی جائیں گی، عید الاضحیٰ پر پبلک ٹرانسپورٹ بند ہوگی، سیاحت کے مقام پر ویکسینیشن والے افراد کو داخلے کی اجازت ہوگی۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ہمیں کورونا کے ساتھ چلناہے اور اس کے لئے احتیاط ضروری ہے،ہم الیکشن مہم سے اختلاف نہیں کرسکتے لیکن کشمیر کے جلسوں میں ماسک کا استعمال نہیں کیا جارہا، ماسک کا استعمال کورونا سمیت دیگر بیماریوں سے بچاتا ہے۔
Load Next Story