آہ سابق صدر ممنون حسین

ان کی وفات سے ملک ایک مدبر سیاستدان سے محروم ہوگیا ہے۔

ان کی وفات سے ملک ایک مدبر سیاستدان سے محروم ہوگیا ہے۔ فوٹو:فائل

کینسر کے مرض میں مبتلا سابق صدرپاکستان ممنون حسین گزشتہ روز کراچی میں انتقال کرگئے، ان کی وفات سے ملک ایک مدبر سیاستدان سے محروم ہوگیا ہے۔ انھوں نے پاکستان کے بارہویں صدر کی حیثیت سے سابق حکومت کے دور میں گرانقدرخدمات سرانجام دیں۔

ممنون حسین 1940میں بھارت کی ریاست اترپردیش میں پیدا ہوئے، بعد ازاں وہ ہجرت کرکے پاکستان آئے جہاں انھوں نے اپنی اعلیٰ تعلیم مکمل کی، وہ کراچی کے مشہور تعلیمی ادارے انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن(آئی بی اے) میں زیر تعلیم رہے، جہاں سے انھوں نے 1965 میں گریجویشن کی۔نواز شریف کے دیرینہ اور وفادار ساتھیوں میں شمار کیے جانے والے ممنون حسین 70اور 80کی دہائی میں مسلم لیگ سے وابستہ رہے۔


ممنون حسین جون سے اکتوبر 1999تک مختصر مدت کے لیے گورنر سندھ بھی رہے،انھوں نے بحیثیت صدر اپنی پانچ سالہ میعاد 8 ستمبر 2018 کو مکمل کی تھی۔فروری 2020 میں ان میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی،انھوں نے سوگواروں میں بیوی اور تین بیٹے چھوڑے ہیں۔

وہ پاکستان مسلم لیگ (نواز) کے سینئر رہنما بھی تھے، اور سابق وزیراعظم نوازشریف کے قابل اعتماد اور وفادار ساتھیوں میں ان کا شمار ہوتا تھا، انھوں نے 1969سے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز مسلم لیگ سے کیا تھا، ان کی ذات ملکی سیاست میں شرافت، تہذیب اور شائستگی کا ایک نمونہ تھی ، ان کی موت سے جو خلا پیدا ہوا ہے، وہ مدتوں پر نہیں کیا جاسکے گا۔ان کی ملک وقوم کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
Load Next Story