گرفتاری سے بچنے والے ملزم کی بس میں گھس کر فائرنگ 2 خواتین زخمی

گشت پر مامور پولیس اہلکاروں نے ملزم کو روکا تو وہ رکنے کے بجائے بھاگ کر ایک مسافر بس میں چڑھ گیا، ایس ایس پی جنوبی

ملزم کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا گیا، ایس ایس پی جنوبی۔ فوٹو:فائل

ڈیفنس میں گرفتاری سے بچنے والے ملزم نے مسافر بس کے اندر فائرنگ کردی جس سے دو خواتین زخمی ہوگئیں۔

ایس ایس پی جنوبی زبیر نذیر شیخ کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں مسافر بس کے اندرنامعلوم شخص کی فائرنگ سے دو خواتین زخمی ہوگئیں، جنہیں فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کردیا گیا، اسپتال ذرائع کے مطابق دونوں خواتین کی شناخت 30 سالہ کلثوم اور 50 سالہ زبیدہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔


ایس ایس پی جنوبی نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ ڈیفنس لائبریری کے قریب پیش آیا، جہاں گشت پر مامور پولیس ٹیم نے ایک مشتبہ شخص کو روکا، لیکن ملزم رکنے کے بجائے بھاگ کر ایک مسافر بس میں چڑھ گیا، اور گرفتاری سے بچنے کے لئے گولیاں چلا دیں، جس کے نتیجے میں بس کے اندر موجود دو خواتین کو گولیاں لگیں۔

زبیر نذیر شیخ کے مطابق پولیس ٹیم نے بس کا پیچھا کیا اور بس کو گھیرے میں لے کر ملزم کو گرفتار کرلیا اور اسے تھانے منتقل کردیا ہے، جب کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے بھی ملزم پر فائرنگ کی گئی تھی، اور ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ خواتین کس کی گولی سے زخمی ہوئیں۔
Load Next Story