چوتھی بار صدر بننے والے بشارالاسد نے عہدے کا حلف اُٹھالیا

حلف برداری کی تقریب صدارتی محل میں ہوئی جس میں اہم سیاسی اور عسکری شخصیات نے شرکت کی

بشار الاسد کو انتخابات میں 95 فیصد ووٹ ملے تھے، فوٹو: رائٹرز

شام میں صدر بشار الاسد نے صدارتی محل میں منعقدہ مختصر تقریب میں چوتھی مرتبہ صدر کے عہدے کا حلف اٹھالیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنگ زدہ شام میں بشار الاسد نے دارالحکومت دمشق میں واقع صدارتی محل میں اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا، حلف برداری کی تقریب میں ارکان پارلیمان، سیاسی اور مذہبی شخصیات کے ساتھ ساتھ فوجی اہلکار بھی شریک تھے۔

شام میں رواں برس مئی میں صدارتی الیکشن کے نتائج کا اعلان کیا گیا تھا جس کے مطابق صدر بشارالاسد کو 95 فیصد ووٹ ملے تھے تاہم انتخابات کی نگرانی کرنے والے عالمی اداروں، امریکا، برطانیہ، فرانس، جرمنی اور اٹلی نے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے انتخابات کو ناجائز اور شرمناک قرار دیا تھا۔


یہ خبر پڑھیں : شام میں بشارالاسد چوتھی بار ملک کے صدر منتخب

بشارالاسد 2000 سے شام میں صدارتی عہدے پر فائز ہیں اور اپنے دور اقتدار میں انہیں بغاوت کا سامنا رہا اور وہ روس کی مدد سے داعش کو شکست دینے میں کامیاب رہے تاہم اس دوران ان پر کیمیکل ہتھیاروں اور رہائشی علاقوں پر بمباری کا الزام لگتا رہا ہے۔

واضح رہے کہ خانہ جنگی کے باعث 80 فیصد سے زائد شامی غربت کی نچلی ترین سطح پر زندگی بسر کر رہے ہیں جب کہ ترکی کے پناہ گزین کیمپوں میں لاکھوں شہری قیام ہیں۔
Load Next Story