ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام ہو رہا ہے سست روی کا تاثر صحیح نہیں قائم علی شاہ

ذاتی طور پرمانیٹرنگ کر رہاہوں،ترقیاتی کاموں پراس سال185ارب روپے خرچ کیے جارہے ہیں،وزیر اعلیٰ، اعلیٰ سطح کا اجلاس

31دسمبر2013تک 43ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، جن میں سے 41 ترقیاتی منصوبے مکمل ہو چکے ہیں۔فوٹو:آن لائن

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے محکمہ آبپاشی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے بعض حلقوں کی جانب سے دیے جانے والے تاثر کو غلط قرار دیا ہے جس میں کہا جاتا ہے کہ حکومت سندھ کا ترقیاتی کام ست روی کا شکار ہے اور کہا کہ وہ ذاتی طور پراوردیگر مانیٹرنگ آرگنائزیشن ترقیاتی کاموں کے معیار و رفتار کا جائزہ لیتے رہتے ہیں جس کے لیے اس سال 185ارب روپے خرچ کیے جارہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کو وزیراعلیٰ ہائوس میں محکمہ آبپاشی کی کارکردگی اور ترقیاتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لینے سے متعلق ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا ۔ اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے سیکریٹری آبپاشی نے بتایا کہ محکمہ آبپاشی میں مجموعی طور پر 57.6ارب روپے کی لاگت سے 219ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جس میں 112جاری اسکیمیں،107کی نئی اسکیمں شامل ہیں جن کو اس سال شامل کیا گیا ہے۔انھوں نے بتایا کہ31دسمبر2013تک 43ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، جن میں سے 41 ترقیاتی منصوبے مکمل ہو چکے ہیں۔ باقی 2اسکیموں میں صرف بجلی کے کنکشن لگانے باقی ہیںجبکہ 19 ترقیاتی منصوبے30جون2014تک مکمل کیے جائیں گے۔




وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ آبپاشی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ رواں مالی سال میں 165بلین روپے صوبائی ترقیاتی پروگرام کے لیے اور 20ارب روپے ضلعی ترقیاتی پروگرام کے مد میں مختص کیے گئے ہیںجس میں سے مختلف محکموں کو جاری کردہ 70ارب میں 40ارب استعمال ہوچکے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کینجھرجھیل کی آلودگی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری آبپاشی کو اس تاریخی و شاہکار ورثے کے تحفظ ،بحالی کے لیے جامع حکمت عملی تشکیل دینے کے احکام دیے ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے آر بی او ڈی منصوبے پر کام میں تاخیر پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ تاخیر کے سبب لوگوں کے لٍے آلودگی کے مسائل بڑھ رہے ہیں ۔انھیں نے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ آربی او ڈی IIمنصوبے پر کام کی رفتار تیز کی جائے تاکہ نہ صرف عام لوگوں کی تکلیف کودورکیا جائے بلکہ زمین اورمنچھر جھیل کو آلودگی پر بھی قابو پایا جاسکے ۔
Load Next Story