سری لنکا جانے پر واٹمور سے کوئی اختلاف نہیں ہوگا میانداد

قومی ٹیم کا حوصلہ بڑھانے کیلیے جارہا ہوں، دوران ایونٹ کوچنگ نہیں کی جاسکتی

خود بھی سخت ٹریننگ کرتا ہوں اور کھلاڑیوں سے بھی یہی توقع رکھتا ہوں، جاوید میانداد۔ فوٹو : فائل

PORT ELIZABETH:
پی سی بی کے ڈائریکٹر جنرل جاوید میانداد نے کہا کہ وہ ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کا حوصلہ بڑھانے کے لیے جارہے ہیں۔

کیونکہ ایونٹ کے دوران کوچنگ نہیں کی جاسکتی۔ انھوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے معاملات پر کوچ ڈیو واٹمور سے کوئی اختلاف نہیں ہوگا۔ سابق کپتان نے نمائندہ ''ایکسپریس'' سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں پی سی بی کے چیئرمین ذکا اشرف کی ہدایت اور خواہش پر ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کے ساتھ جارہا ہوں۔ میں چند دن وہاں قیام کرونگا اور کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کی حوصلہ افزائی کرونگا۔


اس سوال پر کہ ٹورنامنٹ کے دوران وہ ٹیم کے بیٹنگ کوچ کے فرائض انجام دینگے، میانداد نے کہا کہ اس مرحلے پر کوچنگ نہیں کی جاسکتی، کھلاڑیوں کی کوچنگ کیمپ میں کی جاتی ہے البتہ ٹورنامنٹ کے دوران کھلاڑیوں کی بیٹنگ کی خامیوں کی نشاندہی کی جاسکتی ہے، میں جو بھی کام کرتا ہوں پوری دیانتداری اور محنت سے کرتا ہوں، خود بھی سخت ٹریننگ کرتا ہوں اور کھلاڑیوں سے بھی یہی توقع رکھتا ہوں۔

انھوں نے کہا کہ میں قومی ٹیم کے علاوہ انڈر 19 ٹیم اور ایمرجنگ پلیئرزکی بھی کوچنگ کرتا رہاہوں اور جہاں بورڈ کو میری خدمات کی ضرورت ہوگی میں اپنے آپ کو پیش کرونگا، پی سی بی چیئرمین مجھے جوجو ذمہ داریاں دے رہے ہیں میں انھیں پوری لگن کے ساتھ سرانجام دے رہاہوں، ایونٹ کے دوران ٹیم معاملات پر واٹمور کے ساتھ انڈر اسٹینڈنگ کے بارے میں سوال پرمیانداد نے کہا کہ کسی قسم کے اختلافات نہیں ہونگے کیونکہ میں پی سی بی کا حصہ ہوں جبکہ واٹمور کوچ ہیں، دونوں کے کام کی نوعیت الگ الگ ہے، میں میگا ایونٹ میں بورڈ کی نمائندگی کرونگا۔

انھوں نے کہا کہ قومی ٹیم نے ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے اچھی تیاری کی ہے اور توقع ہے کہ ایونٹ میں کارکردگی اچھی رہے گی، ٹوئنٹی 20 ایک منفرد نوعیت کی کرکٹ ہے جس میں ہر گیند پر صورتحال تبدیل ہوتی رہتی ہے، ڈومیسٹک سیزن کے آغاز کے بارے میں سوال پر میانداد نے کہا کہ میں نے پروگرام تیارکرکے متعلقہ شعبے کو دیدیا ہے۔
Load Next Story