انڈر 19 کرکٹ پاکستان نے ناتجربہ کار افغانستان کا شکار کرلیا

دوسرے ون ڈے میچ میں17 رنز سے فتحیاب، سیریز میں بھی فیصلہ کن برتری،کپتان سمیع اسلم نے71 کی عمدہ اننگز کھیلی

حشمت اللہ شیدی جراتمندانہ 82 رنز بنانے کے باوجود شکست کو پرے نہ دھکیل سکے۔ فوٹو:فائل

دوسرے انڈر 19ون ڈے میں پاکستان نے ناتجربہ کار افغانستان کا شکار کر لیا، 239 کے ہدف کا تعاقب کرنے والی مہمان ٹیم221 پر ہمت ہار گئی۔

حشمت اللہ شیدی جراتمندانہ 82 رنز بنانے کے باوجود شکست کو پرے نہ دھکیل سکے، میزبان بولرز نے ٹیل اینڈرز کو ڈرا کر 17 رنز سے فتح سمیٹ لی، گرین شرٹس کو سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہو گئی، قبل ازیں پاکستان کی اننگز کو کپتان سمیع اسلم کے71 رنز نے استحکام بخشا۔ تفصیلات کے مطابق پہلے ون ڈے میں ریت کی دیوار ثابت ہونے والی افغان ٹیم نے دوسرے میچ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا، تاہم ناتجربہ کاری کے سبب آخری لمحات میں کمزور بیٹنگ نے جیتی بازی ہار میں بدل دی۔ مہمان سائیڈ نے 239 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے شاہد اللہ (5) کی وکٹ صرف 9 کے مجموعی اسکور پر گنوا دی، کامیاب بولر عرفان اللہ تھے، عثمان غنی نے 46 رنز کی اننگز کھیل کر اسکور81 تک پہنچایا لیکن کرامت علی کی گیند پر وکٹیں محفوظ نہ رکھ پائے، صرف 4 رنز کے اضافے سے کامران غلام نے یونس احمد زئی کا شکار کر لیا، وحید الدین شفق کی مزاحمت 18 پر عرفان اللہ نے ختم کی۔




حشمت اللہ شیدی نے پُر اعتماد 82 رنز کے ساتھ ٹیم کا ٹوٹل 4 وکٹ پر 205 تک پہنچایا، ایسے میں افغانستان کو 26 گیندوں پر 34 رنز درکار تھے،شیدی کو ضیاء الحق نے میدان بدر کیا تو وکٹوں کی جھڑی لگ گئی، ان کے ساتھ 91 رنز کی شراکت نبھانے والے ناصر احمد زئی 44 پر رن آئوٹ ہو گئے، مسلم موسیٰ (5) کو ظفر گوہر نے بولڈ کیا، احمد اللہ عادل (2)ان کا دوسرا شکار بنے، منیر احمد کو 6 رنز پر کرامت علی نے چلتا کیا، ضیاء الرحمان صرف ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے،کامیاب بولر ضیا الحق تھے۔ ظاہر خان بغیر کھاتہ کھولے پویلین واپس گئے، پوری ٹیم 221 پر ڈھیر ہوئی، آخری 6 وکٹیں صرف 17 رنز کے سفر میں گر گئیں۔

ضیا الحق، عرفان اللہ شاہ، ظفر گوہر اور کرامت علی 2،2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، کامران غلام نے ایک شکار کیا۔ اس سے قبل پاکستان کے کپتان سمیع اسلم نے 71 رنز کی اننگز کے دوران امام الحق (22) کے ساتھ 43 کی اوپننگ شراکت قائم کی، حسن رضا 8 رنزتک محدود رہے، سعود شکیل 43 پر رن آئوٹ ہوئے تو ٹیم کا اسکور 4 وکٹ پر 167 تھا،کامران غلام اچھے آغاز کے باوجود 26 پر ہمت ہار گئے، ظفر گوہر کو کھاتہ کھولنے کا موقع نہ ملا، سیف اللہ ایک رن بنا کر چلتے بنے، عمران رفیق کی اننگز 18 سے آگے نہ بڑھ پائی، ضیا الحق 12 پر رن آئوٹ ہوئے' کرامت علی نے ناقابل شکست 23 رنز کے ساتھ ٹیم کا مجموعہ 238 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا، عبداللہ عادل اور ضیاء الرحمن نے 2،2، ظاہر خان، عثمان غنی اور حشمت اللہ شیدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
Load Next Story