پنجاب کے مختلف علاقوں میں میں شدید دھندلاہور سے شیخوپورہ تک موٹروے بند
پنجاب کے مختلف علاقوں کو دھند نے ایک بار پھر اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے،جہاں شدید دھند کے باعث لاہور سے شیخوپورہ تک موٹروے کو بند کردیا گیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق دو دن کے وقفے کے بعد گزشتہ رات دھند نے ایک بار پھر اپنا راج جمانا شروع کردیا جس کے بعد بابو صابو اور شیخوپورہ تک حد نگاہ صفر تک جا پہنچی،شدید دھند کے باعث موٹروے پولیس کی جانب سے لاہور سے شیخوپورہ تک موٹروے کو بند کردیا گیا ہے۔
موٹروے پولیس کے مطابق لاہور سے شیخوپورہ تک موٹر وے پر حد نگاہ صفرہے اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے،موٹروے پولیس کا کہنا ہےکہ اگر سفر ناگزیر ہو تو شہری جی ٹی روڈ سے سفر کریں اور سفر کی صورت میں گاڑیوں کی ہیڈلائٹس،چاروں اینٹی گیٹر کو آن رکھیں اورقافلوں کی صورت میں سفر کریں۔ حکام کا کہنا ہے کہ جب تک حد نگاہ کم از کم ڈیڑھ سو میٹر نہیں ہوجاتی اس وقت تک موٹروے کو نہیں کھولا جائے گا،موٹروے بند ہونے کےباعث سڑکوں پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی ہیں اور دھند ختم ہونے کا انتظار کیا جارہا ہے تاکہ اپنی منزل کی طرف روانہ ہوا جاسکے۔
دوسری جانب نیشنل ہائی وے پر بھی لاہور سے بہاولپور تک شدید دھند ہے اور حد نگاہ کم سے کم صفر اور زیادہ سے زیادہ بیس میٹر تک رہ گئی ہے ،صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے موٹروے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفرنہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ادھر جی ٹی روڈ سے ملتان پر بھی حد نگاہ صفر ہوچکی ہے،شدید دھند کے باعث موٹروے پولیس اہلکاروں کو ہنگامی بنیادوں پر طلب کرلیا گیا ہے جبکہ بعض مقامات پر گاڑیاں ٹکرانے کی بھی اطلاعات ہیں۔