وفاقی وزیرخرم دستگیرکی سیکڑوں گولیوں کی سلامی میں گوجرانوالہ آمد 2 افراد زخمی
خرم دستگیر کے وزیرتجارت بننے کے بعد پہلی باران کی اپنے حلقہ آمد پر لیگی کارکنان قانون کے محافظوں کے سامنے ہی قانون کی دھجیاں اڑاتے رہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزیر خرم دستگیروزارت ملنے کے بعد پہلی بار اپنے حلقے پہنچے تو لیگی کارکنان آپے سے ہی باہر ہوگئے، کارکنان نے خرم دستگیر پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرنے کے ساتھ ساتھ شدید ہوائی فائرنگ بھی کی جس کے نتیجے میں پورا علاقہ گونج اٹھا لیکن اس دوران نہ تو قانون کے محافظوں نے بے لگام لیگی کارکنوں کو روکا اورنہ ہی وزیرموصوف نے بلکہ وفاقی وزیرتوہزاروں گولیوں کی سلامی پر پھولے نہیں سمارہے تھے۔
شدید ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ اس دوران 2 افراد بھی زخمی ہوگئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا، دوسری جانب وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔
دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما وسیم اختر نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیرخرم دستگیر ٹی وی ٹاک شوز میں تو ایم کیوایم پر الزام لگاتے نہیں تھکتے لیکن آج ان کا اپنا اصل چہرہ بے نقاب ہوگیا وہ عوام کو جواب دیں کہ ان کی گوجرانوالہ آمد پر جو فائرنگ کی گئی تو یہ اسلحہ کہاں سے آیا۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی شرم کی بات ہے کہ ایک جانب ملک میں دہشت گردی کی وجہ سے جگہ جگہ جنازے اٹھ رہے ہیں اوردوسری جانب خرم دستگیر اپنے وزیربننے کا جشن منارہے ہیں۔