چینی برتری پر پیرالمپکس کا اختتام 95گولڈ میڈلزجیتے

روس 36طلائی میڈلز لیکر دوسرے نمبر پر رہا

لندن پیرالمپکس: گولڈ میڈل مقابلے میں آسٹریلیا کے ریلی بیٹ اورکینیڈین پلیئر زاک ایکشن میں۔ فوٹو : ایکسپریس

چین نے پیرالمپکس میں 95 گولڈ میڈلز کے ساتھ میلہ لوٹ لیا، ایشیائی ملک نے مجموعی طور پر 231 تمغے اپنے نام کیے۔

جس میں 71 سلور اور 65 برانز میڈل شامل رہے،روس نے 36گولڈ، 38 چاندی، 28 کانسی کے تمغے لیکر دوسری پوزیشن پائی، ان کے مجموعی میڈلز 102 بنے، میزبان برطانیہ نے 120کل میڈلز میں 34 سونے ، 43 چاندی اور 43 ہی کانسی کے میڈلز پر قبضہ جمایا۔چین نے میڈلز میں پہلی پوزیشن لیکرپیرالمپکس میں نئی تاریخ رقم کی، چار برس قبل ہوم ایونٹ بیجنگ گیمز میں چین نے 89 طلائی تمغے حاصل کیے تھے، چین کیلیے گیمز میں 90 واں طلائی تمغہ مینز 100 میٹر ریس میں ژیو لائی نے جیتا، انھوں نے مقررہ فاصلہ 11.17سیکنڈز میں طے کیا۔


بیجنگ کے پیرالمپکس میں چین کے 332 ایتھلیٹس نے شرکت کی تھی اس کے برعکس لندن گیمز کے 21 مقابلوں میں سے 15 میں ان کے 282 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔اختتامی دن منعقدہ میڈلز مقابلوں میں مینز میراتھن میں اسپین کے سورایز لاسو نے گولڈ میڈل جیت لیا، مینز میراتھن ٹی 46 میں برازیل کے ٹیٹو سینا نے میدان مارلیا، ٹی 54 کیٹیگری میں ڈیوڈ وائر نے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔

ویمنز میراتھن ٹی 54 میں امریکا کی شیرلی ریلی پہلے نمبر پر رہیں،مکسڈ وہیل چیئر رگبی کے فائنل میں آسٹریلیا نے کینیڈا کیخلاف 66-51 سے کامیابی حاصل کی، برانز میڈل مقابلے میں جاپان کو امریکا کے ہاتھوں 53-43 سے شکست ہوگئی۔مینز فٹبال سیون اے سائیڈ میں برازیل نے ایران کو 5-0 سے مات دیکر برانز میڈل پایا جبکہ روس نے یوکرین کو 1-0 سے پچھاڑ کر سونے کا تمغہ جیتا۔
Load Next Story