اسلام آباد میں کلاؤڈ برسٹ سے سیلابی صورتحال 2 افراد جاں بحق
ایکسپریس نیوزکے مطابق اسلام آباد میں کلاؤڈ برسٹ سے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، جس کے باعث معمولات زندگی شدید متاثرہوگئی۔
ای الیون ٹو کی گلی نمبر تین میں واقع بیسمنٹ میں پانی بھر جانے سے ماں بیٹا جاں بحق ہوگئے۔ کاشف یاسین فیملی کے ہمراہ بیسمنٹ میں مقیم تھا۔ بارش کا پانی بھرنے سے کاشف کی بیوی اورسات سالہ بیٹا مصطفی دم توڑ گئے۔
سیلابی صورتحال سے ٹریفک کی روانی متاثرجب کہ سڑکوں، گلیوں سمیت نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ سی ڈی اے ترجمان کا کہنا ہے اسلام آباد میں فلیش فلڈ جیسی صورتحال کو حل کرنے کیلئے آپریشن جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کی کلاؤڈ برسٹ سے متعلق خبر کی تردید:
محکمہ موسمیات نے اسلام آباد میں کلاؤڈ برسٹ سے متعلق خبرکی تردید کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ بارشوں کی پہلے ہی پیشگوئی کی تھی۔ بارشیں محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق ہوئی ہیں۔
دوسری جانب راولپنڈی کے نالہ لئی میں موسلادھار بارش سے طغیانی آگئی۔ کٹیاریاں کے مقام پر پانی 21 فٹ سے تجاوز کرگیا جس کے باعث جاوید کالونی اورآریہ محلہ میں پانی داخل ہوگیا۔ خطرے کے سائرن بجا دیئے گئے جب کہ نیوکٹاریاں، ڈھوک رتہ میں کراسنگ پل بھی بند کردئیے۔ صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاک فوج اور دیگر اداروں کو طلب کر لیا گیا ہے۔
ایم ڈی واسا راجہ شوکت کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں اسلام آباد سے کم بارش ہونے کی وجہ سے سیلاب کا خطرہ ٹل گیا ہے، موسلادھار بارش سے نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہوگئی تھی تاہم بروقت صفائی کی وجہ سے 40 ہزار کیوسک فٹ کا ریلا نالہ لئی سے گزر کر دریائے سواں میں چلا گیا۔
اس سے متعلق آئی ایس پی آرنے کہا کہ شدید بارش سے نالہ لئی چڑھ گیا ہے اورای الیون میں بھی پانی جمع ہوگیا ہے۔ فوجی دستے بحالی و امدادی کارروائیوں میں سول انتظامیہ کی مدد میں مصروف ہیں جب کہ سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہنگامی پلان بنا لیا گیا ہے۔