امریکا میں کیمیکل پلانٹ سے تیزاب کا اخراج 2 ہلاک اور 7 زخمی

تیزاب کے اخراج سے درجنوں ملازمین کی حالت غیر ہوگئی جنھیں سانس لینے میں شدید دشواری کا سامنا ہے

درجنوں ملازمین کی حالت غیر ہوگئی، فوٹو: رائٹرز

LONDON:
ٹیکساس کے شہر ہوسٹن میں واقع کیمیکل پلانٹ سے ایسیٹک ایسڈ کا اخراج ہوگیا جس سے 2 ملازمین ہلاک اور 7 بری طرح جھلس گئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس میں پلاسٹک اور کیمیکل ریفائنرنگ کمپنی میں زہریلے تیزاب کا اخراج ہوگیا۔ ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ اخراج پلانٹ پھٹنے سے ہوا یا مشینی خرابی کے باعث ایسا ہوا تھا۔


ریسکیو ادارے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حادثے میں فیکٹری کے 2 ملازم موقع پر ہی ہلاک ہوگئے اور 7 کو بری طرح جھلسنے کے سبب برن سینٹر منتقل کیا گیا ہے جب کہ درجنوں ملازمین کی حالت غیر ہوگئی۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ بری طرح جھلسنے والے ملازمین میں سے 3 کی حالت نازک ہے جب کہ درجنوں ملازمین کو سانس لینے میں تکلیف کا سامنا ہے جن کی نگہداشت کی جارہی ہے۔

حادثے کی وجہ کا تاحال تعین نہیں کیا جا سکا ہے تاہم کاؤنٹی کے فائربریگیڈ کے ترجمان کا کمپنی کی جانب سے جاری بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ تیزاب کے لیک ہونے کی ایک وجہ پلانٹ میں دھماکا بھی ہوسکتا ہے جس کی تحقیقات کی جائے گی۔
Load Next Story