سندھ حکومت کا صوبے بھرمیں سکیورٹی کے اقدامات سخت کرنے کا فیصلہ

مجھے ہر صورت اسٹریٹ کرائم پر کنٹرول چاہیے، وزیراعلیٰ کی آئی جی کو ہدایت

مجھے ہر صورت اسٹریٹ کرائم پر کنٹرول چاہیے، وزیراعلیٰ کی آئی جی کو ہدایت۔ فوٹو:فائل

حکومت سندھ نے صوبے بھر میں سکیورٹی کے سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت 26 ویں ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں امن و امان سے متعلق بتایا گیا کہ صوبے میں کچھ قبائلی جرگے ہوئے ہیں جس میں کافی لوگ قتل ہوئے، سدوزئی، چاچڑ فساد میں 12 لوگ قتل ہوئے، طیغانی بجارانی فساد میں 28 لوگ قتل کیے جاچکے ہیں۔

آئی جی نے اجلاس کو کچے کے آپریشن کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 2021 میں گھوٹکی کے کچے کے علاقے میں 89 انکاونٹر، سکھر 75، کشمور 73 اور شکاپور میں 68 انکائونٹر کیے گئے، گھوٹکی میں 3 گینگس ، سکھر میں 6، کشمور میں 25 اور شکارپور میں 15 گینگز کا خاتمہ کیا گیا، سکھر میں 9 ڈاکو مارے گئے، گھوٹکی سے 2 مغوی بازیاب ، سکھر سے 2، کشمور سے 39 اور شکارپور سے 40 بازیاب کیے۔


وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس کو ہدایت کی کہ اسلحے کی سپلائی لائن ختم کردی جائے، ڈاکو اور کالعدم تنظیموں کے درمیان بڑھتے رابطوں پر کھڑی نظر رکھیں اور ان کے خلاف کارروائی کریں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کچے کے علاقے میں روڈ نیٹ ورک قائم کرنےاور گھوٹکی ، کشمور برج سے نکلنے والی دیگرروڈز بھی بنانے کا اعلان کیا۔

اجلاس میں افغان صورتحال کے باعث صوبے بھر میں سیکیورٹی کے سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اور وزیراعلیٰ سندھ نے اداروں کو تمام کالعدم تنظیموں پر کھڑی نظر رکھنے کی ہدایت دے دی، اجلاس میں کالعدم تنظیموں ، مذہبی اور دیگر شرپسند عناصر پر کھڑی نگرانی رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے سوشل میڈیا سے نفرت آمیز مواد اور دیگر مشکوک ایکٹیویٹیز پر نظر رکھنے کی ہدایت جاری کی اور کہا کہ کچھ عناصر فرقہ ورانہ نفرتوں کو بڑھانے کی کوشش کریں گے، جن کو کسی صورت برداشت نہ کیا جائے، میں چند علماء کرام سے اجلاس کروں گا ہمیں اپنے صفوں میں محبت ، بھائی چارگی اور اتحاد قائم کرنا ہے، وزیراعلیٰ سندھ کا تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آپس میں کوآرڈینیشن کو مزید مستحکم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں نجی سیکوریٹی گارڈز کی رجسٹریشن کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سیکورٹی گارڈ ز کی رجسٹریشن پر کام جاری ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ غیر رجسٹریشن گاڑیوں پر مسلح گارڈ ز بیٹھے نظر آتے ہیں، اسلحے کی نمائش پر ہم نے پہلے سے پابندی عائد کی ہے، اس قسم کی گاڑیوں کو بند کیا جائے، اس قسم کی اسلحے کی نمائش ناقابل قبول ہیں، غیر رجسٹرڈ یا اے ایف آر والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی جائے، وزیراعلیٰ نے موبائل فون کے چوری کے پارٹس خریدو فروخت کرنے والی مارکیٹس اور افراد کے خلاف کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے آئی جی کو کہا کہ مجھے ہر صورت اسٹریٹ کرائم پر کنٹرول چاہیے، پولیس کو سخت اقدامات کرنے ہوں گے۔

 
Load Next Story