کورونا ویکسی نیشن کے بغیر فضائی سفر پر پابندی 8 مسافروں کو واپس بھیج دیا گیا

مسافروں کے ٹکٹ کے ساتھ اْن کے ویکسین سرٹیفیکٹ بھی چیک کیے جانے لگے

ویکسین سرٹیفیکٹ کی جانچ کے بعد مسافروں کو بورڈنگ پاس جاری کیے جائیں گے فوٹو: فائل

ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر اندرون ملک فضائی سفر کے لئے کورونا ویکسین لازمی قرار دینے کے فیصلے پر عمل در آمد شروع کردیا گیا ہے۔ کورونا ویکسی نیشن کے بغیر فضائی سفر کے خواہش مند 8 مسافروں کو واپس بھیج دیا گیا

ایکسپریس نیوز کے مطابق ملک میں کورونا کی بھارت قسم (ڈیلٹا وائرس) کے کیسز سامنے آنے کے بعد این سی او سی نے یکم اگست سے اندرون ملک فضائی سفر کے لئے کورونا ویکسین لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا تھا، جس پر عمل درآمد شروع کردیا گیا ہے۔ اس کے لیے تمام ایئر پورٹس کے ڈومیسٹک لاوٴنجز میں خصوصی کاوٴنٹر قائم کردیئے گئے ہیں۔

جناح ٹرمینل پر کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ نہ ہو نے پر 8 مسافروں کو سفر کی اجازت نہیں دی گئی۔ ذرائع کے مطابق اندورن ملک پروازپر فضائی سفر سے روکے گئےمسافر کراچی سے اسلام آباد سفرکرناچاہتے تھے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹرایئرٹرانسپورٹ کی جانب سے 24 جولائی کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تناظر میں اے ایس ایف اور سی اے اے حکام کراچی سے ملک کے دیگر شہروں کو روانہ ہونے والی پروازوں پر متحرک دکھائی دیے۔تمام مسافروں کو کنکورس ہال میں کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ چیک کرنے کے بعد بورڈنگ ایریا میں جانے کی اجازت دی گئی،ائیرپورٹ مینجر کی زیر نگرانی ٹیموں نےمسافروں کے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ چیک کیے گئے۔


پابندی پر مکمل عمل درآمد کو یقنینی بنانے کے لیے ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر مسافروں کے ٹکٹ کے ساتھ اْن کے ویکسین سرٹیفیکٹ بھی چیک کیے جانے لگے ہیں، ویکسین سرٹیفیکٹ کی جانچ کے بعد ہی مسافروں کو بورڈنگ پاس جاری کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ مسافروں کو ماسک پہننے اور سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی جارہی ہیں۔

این سی او سی کے فیصلے کے مطابق مسافروں کو ویکسین کی کم از کم ایک خوراک لگوانا لازمی ہے تاہم 18 سال سے کم عمر مسافروں کے لیے کورونا سرٹیفکیٹ سے استثنی حاصل ہے۔

سول ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ یکم اگست سے تاحکمِ ثانی اندرونِ ملک فضائی سفر کے لئے ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے، 18 سال سے زائد عمر کے افراد ویکسی نیشن کے بغیر اندرونِ ملک سفر نہیں کرسکیں گے، بیرون ملک سفر کرنے والے اور غیرملکی شہری بھی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

 
Load Next Story