اوگرا نے نوٹیفکیشن واپس لے لیا سی این جی نرخوں میں اضافے کا خطرہ ٹل گیا

سی این جی اسٹیشنز مالکان نے پرانی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اوگرا نے نوٹیفکیشن واپس لے لیا،سی این جی نرخوں میں اضافے کا خطرہ ٹل گیا فوٹو : فائل

اوگرا کی جانب سے اگست کے لیے ایل این جی کی قیمتوں میں اضافہ کا نوٹیفکیشن واپس لئے جانے کے بعد ملک بھر میں سی این جی کے نرخوں میں اضافے کا خطرہ ٹل گیا۔

پی ایس او اور پی ایل ایل کی جانب سے مہنگے داموں ایل این جی کی خریداری اور ڈالر کی قدر بڑھنے کے باعث اوگرا نے اگست کیلئے ایل این جی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا تھا،جس کے بعد سی این جی ایسوسی ایشن نے پنجاب میں سی این جی کی قیمت میں فی لٹر 5روپے اور سندھ میں فی کلو گرام سی این جی کی قیمت میں 8روپے اضافہ کا امکان ظاہر کیا تھا۔


اوگرا کی جانب سے گزشتہ روز ایل این جی کی قیمت میں کئے گئے اضافے سے متعلق نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا جس پر سی این جی ایسوسی ایشن نے بھی ملک بھر میں سی این جی کے نرخ یکم اگست کی سطح پر برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے،تاہم قیمتوں میں اضافے کے چند گھنٹوں کے دوران ملک بھر سے سی این جی اسٹیشنز مالکان نے صارفین سے لاکھوں روپے ہتھیا لئے جس کی واپسی کیلئے نہ تو کوئی نظام موجود ہے اور نہ ہی کوئی ریگولیٹر۔

صارفین کا کہنا ہے کہ سی این جی سیکٹر کو جب سے ڈی ریگولیٹ کیا گیا ہے،اسٹیشنز مالکان کی من مانیاں بڑھ گئی ہیں اور صارفین کے مفادات کو یکسر نظر انداز کیا جارہا ہے۔
Load Next Story