منشیات کیس میں ملوث اداکارہ ممتا کلکرنی کی مشکلات میں اضافہ

اداکارہ نے درخواست میں کہا تھا کہ انہیں منشیات کے جھوٹے مقدمے میں پھنسایا گیا ہے، بھارتی میڈیا

عدالت نے ممتا کلکرنی کی درخواست مسترد کردی، فوٹوفائل

KARACHI:
کروڑوں کے منشیات کیس میں ملوث بالی ووڈ کی سابق اداکارہ ممتا کلکرنی کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔

بھارتی فلم انڈسٹری کی سابق اداکارہ ممتا کلکرنی کا نام 2016 میں منشیات فروش اسکینڈل میں سامنے آیا تھا۔ انہیں وکی گوسوامی سے منسلک منشیات ریکٹ میں مرکزی ملزم نامزد کیا گیا تھا۔ اب اس کیس میں نئی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ بھارتی ریاست مہاراشترا کے شہر تھانے کی خصوصی عدالت نے دو ہزار کروڑ کے منشیات کیس میں سیل کیے گئے اداکارہ کے 6 بینک اکاؤنٹس، تین ایف ڈیز اور ممبئی کے دو فلیٹس کو ریلیز کرنے کی درخواست مسترد کردی ہے۔


میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ ممتا کلکرنی نے اپنے وکیل کی مدد سے عدالت میں درخواست جمع کرائی تھی کہ انہیں 2016 کے کیس میں جھوٹے مقدمے میں پھنسایا گیا ہے۔ وہ اپنے خاندان کی واحد کفیل ہیں۔ اپنی درخواست میں کلکرنی نے مزید کہا ان کی ایک بہن ذہنی بیماری میں مبتلا ہے اور نوی ممبئی میں پنویل سینٹر میں پچھلے 8 برس سے زیرعلاج ہے۔ اپنے تمام بینک اکاؤنٹس اور ایف ڈیز منجمد ہونے کے باعث وہ اپنی بہن کےعلاج کے اخراجات اوردیگر مالی ضروریات برداشت نہیں کرپارہی ہیں۔

سابق اداکارہ نے مزید کہا کہ ان کی بہن کے لیے ضروری ہے کہ وہ صاف ستھرے ماحول میں رہے اور اس مقصد کے لیے ان کے ممبئی میں سیل کیے گئے دونوں فلیٹس کو چھوڑا جائے اور ان کا قبضہ انہیں دیاجائے۔ تاہم عدالت نے ممتا کلکرنی کی درخواست مسترد کردی۔
Load Next Story