حیدر آباد 2 بھائیوں سمیت 4 نوجوان دریائے سندھ میں ڈوب گئے

چاروں ایک ہی علاقے میں رہائش پذیر اور دوست تھے، لاشیں گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔

متین، اویس، حمزہ اور عمیر کی نماز جنازہ اور تدفین میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے ۔ فوٹو : ایکسپریس

دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے دو سگے بھائیوں سمیت چار کم عمر نوجوان ڈوب گئے جب کہ چاروں ہی ایک ہی علاقے میں رہائش پذیر اور دوست تھے۔

ایئرپورٹ پولیس چیک پوسٹ کی حدود پنہور گوٹھ کے نزدیک دریائے سندھ سے پولیس نے جمعرات کی صبح مقامی افراد کی نشاندہی پر چار لڑکوں کی لاشیں اپنی تحویل میں لے کر سندھ گورنمنٹ اسپتال بھٹائی لطیف آباد منتقل کیں جہاں ان کی شناخت 19سالہ متین شیخ، 17 سالہ اویس یوسفزئی، 15 سالہ حمزہ راجپوت اور اس کے 13سالہ بھائی عمیر راجپوت کے نام سے کی گئی، چاروں دوست لطیف آباد یونٹ نمبر بارہ پکوڑا اسٹاپ چونا بھٹہ کے رہائشی تھے۔


پولیس کے مطابق چاروں لڑکے بدھ کی شام موٹرسائیکلوں پر اپنے گھروں سے ایئرپورٹ روڈ جانے کیلیے روانہ ہوئے تھے لیکن پھر واپس نہیں آئے، رات گئے تک گھر نہ پہنچنے پر ورثا نے ان کی تلاش شروع کی اور اے سیکشن تھانے پر چاروں کی گمشدگی کی رپورٹ بھی درج کرائی گئی تھی تاہم چاروں کا کچھ پتہ نہیں چل سکا تھا۔

جمعرات کی صبح پنہور گوٹھ کے نزدیک دریائے سندھ میں لڑکوں کی لاشیں تیرتی دیکھ کر اس کی اطلاع پر ایئرپورٹ پولیس نے وقوعہ پر پہنچ کر غوطہ خوروں کی مدد سے لاشوں کو دریا سے باہر نکلوا کر ورثا کو اطلاع دی تھی۔
Load Next Story