ہاکی میں بہتری کے لئے فیڈریشن کو خصوصی ٹاسک دے دیا ریاض پیرزادہ

سب چاہتے ہیں کہ ہماری ٹیم انٹرنیشنل سطح پر کامیابیاں حاصل کرے، وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ

قومی کھیل میں مثبت نتائج کا حصول ممکن بنانے کے لیے جامع پلان بھی مانگ لیا۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ کا کہنا ہے کہ قومی کھیل ہاکی کو دوبارہ پائوں پر کھڑا کرنے کیلیے فیڈریشن کو خصوصی ٹاسک دےدیا ہے، تمام اسپورٹس تنظیموں کو ملنے والی حکومتی گرانٹ کی مکمل چھان بین ہوگی،ملکی وقار پر حرف آنے کی صورت میں فنڈز میں کٹوتی کرلی جائیگی۔

نمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے، سب چاہتے ہیں کہ ہماری ٹیم انٹرنیشنل سطح پر کامیابیاں حاصل کرے مگر بدقسمتی سے گرین شرٹس حوصلہ افزا نتائج دینے میں ناکام رہے ہیں،بہتری کیلیے فیڈریشن سے جامع پلان مانگ لیا تاکہ مثبت نتائج کا حصول ممکن بنایا جا سکے ۔ انھوں نے کہا کہ حکومت جن فیڈریشنرکو گرانٹ دیتی ہے ان کی کارکردگی کو مانیٹر کیا جائے گا، عوامی جذبات کو ٹھیس پہنچانے والوں کے فنڈز میں کمی اور ملکی عزت میں اضافہ کرنے والوں کو پذیرائی سمیت زیادہ امداد فراہم کی جائے گی۔ دوسری طرف ہاکی فیڈریشن کی جانب سے بین الصوبائی رابطہ کو بعض معلومات فراہم کی گئی ہیں، ان کے مطابق پاکستان میں صرف 9 اسٹیڈیمز پر ہی مقابلوں کا انعقاد کیا جاتا ہے،باقی21 میں سے کئی میزبانی سے تاحال محروم یا پھر بعض کی حالت اس قابل نہیں کہ وہاں پر میچزکا انعقاد کیا جاسکے۔




دستاویزات کے مطابق ہاکی کلب آف پاکستان ، جنرل موسیٰ ہاکی اسٹیڈیم کوئٹہ، پشاور کا لالہ ایوب اسٹیڈیم، کراچی ڈیفنس ہائوسنگ اسٹیڈیم، کراچی کسمٹز اسپورٹس کمپلیکس، نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور، نصیر بندہ اسٹیڈیم اسلام آباد اور آرمی اسٹیڈیم راولپنڈی میں مقابلوں کا انعقاد کیا جاتا ہے، پی او ایف اسپورٹس کمپلیکس واہ کینٹ، اسٹیل ملز گرائونڈ کراچی، یو بی ایل گرائونڈ کراچی، بنوں، گوجرہ، فیصل آباد، ایبٹ آباد ، کوئٹہ ہاکی اسٹیڈیمز، گھڑیال کنٹومنٹ ، حیدر آباد اسٹیڈیم اورسیالکوٹ گرائونڈ پر مکمل طور پر تیار ہونے کے باوجود مقابلوں کا انعقاد نہیں ہوسکا، سرگودھا ہاکی اسٹیڈیم میلا منڈی ، بہاولپور، خوشاب اسٹیڈیمز اورگوجرانولہ ہاکی اسٹیڈیم بھی میچز کیلیے مکمل طور پر تیار ہیں، سی ایم پنجاب ہاکی گرائونڈ گجرات ،راولا کوٹ ، سوات، سبی، مظفراسٹیڈیم اے جے کے اور گلگت بلتستان ہاکی اسٹیڈیم میں فی الحال تعمیراتی کام جاری ہے۔
Load Next Story