فردوس عاشق اعوان کو پنجاب اسمبلی میں داخل ہونے سے روک دیا گیا

جلد ملاقات میں وزیراعظم فردوس اعوان کی نئی ذمہ داری کا فیصلہ کریں گے، ترجمان ڈاکٹر فردوس اعوان

فردوس عاشق اعوان کو معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کے عہدرے سے ہٹادیا گیا ہے فوٹو: فائل

پنجاب اسمبلی کے عملے نے فردوس عاشق اعوان کو اندر جانے سے روک دیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کی سابق معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان عہدے سے ہٹانے جانے کے بعد پہلی مرتبہ پنجاب اسمبلی میں نومنتخب رکن احسن سلیم بریار کی حلف کی تقریب میں شرکت کے لئے آئی تھیں تاہم انہیں اسمبلی میں نہیں جانے دیا گیا۔

فردوس عاشق اعوان پنجاب اسمبلی کے گیٹ پر روکنے جانے پر ہکا بکا رہ گئیں تاہم میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ احسن بریار کی حلف برداری ہوچکی تھی شاید اس لیے مجھے اندر نہیں جانے دیا گیا۔

پنجاب اسمبلی آنے والے مہمانوں کی فہرست سامنے آنے کے بعد فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ان کا نام مہمانوں کی فہرست میں شامل تھا لیکن بعد میں اسے لسٹ سے خارج کیا گیا، کس نے میرا نام لسٹ میں سے کاٹا مجھے معلوم نہیں۔


واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے فردوس عاشق اعوان کو معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کے عہدے سے ہٹادیا گیا تھا۔

دریں اثنا ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے وزیراعظم سے ملاقات کے لئے کئی جتن کیے وہ گورنرہاوس کی انتظار گاہ میں وزیراعظم سے ملاقات کی منتظر رہیں، وزیراعظم دورہ مکمل کرکے گورنرہاؤس کمرے سے نکلے تو ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے ملاقات کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی نے ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان کو گورنرہاؤس کے ایوری روم میں ملاقات سے رو ک دیا۔

بعد ازاں ہیلی کاپٹر کی طرف چلتے چلتے ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے وزیراعظم سے ملاقات کی اور وزیراعظم نے چلتے چلتے ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان کا موقف سنا۔

دوسری جانب فردوس عاشق اعوان کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم سے باضابطہ ملاقات ہوئی ہے، وزیراعظم نے ملاقات میں ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان کی تعریف کی اور وہ جلد اسلام آباد میں ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان سے ملاقات کریں گے جس میں وزیراعظم ڈاکٹرفردوس اعوان کی نئی ذمہ داری کا فیصلہ کریں گے۔

Load Next Story