کشمیر لیگ ہرشل گبز نے بھارتی دھمکیاں ہوا میں اڑا دیں

مجھ پرکوئی دباؤ نہیں،کھیلوں میں سیاست کا عمل دخل نہیں ہونا چاہیے،سابق پروٹیز اسٹار

مجھ پرکوئی دباؤ نہیں،کھیلوں میں سیاست کا عمل دخل نہیں ہونا چاہیے،سابق پروٹیز اسٹار۔ فوٹو : سوشل میڈیا

ہرشل گبز نے کشمیر لیگ کے معاملے پربھارتی دھمکیاں ہوا میں اڑا دیں جب کہ سابق جنوبی افریقی کرکٹر کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال کا مجھ پرکوئی دباؤ نہیں،کھیلوں میں سیاست کا عمل دخل نہیں ہونا چاہیے۔

پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pkکے پروگرام ''کرکٹ کارنر ود سلیم خالق'' میں گفتگوکرتے ہوئے ہرشل گبز نے کہاکہ کشمیر لیگ میں شرکت پر بھارتی دھمکیوں کا مجھ پرکوئی دباؤ نہیں،میں کرکٹ کیلیے افغانستان سمیت دنیا کے مختلف ملکوں کا سفر کرتا رہا ہوں،اس میں بھارتی کرکٹ بورڈکا کوئی عمل دخل نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ بڑی عجیب اور بے تکی حرکت کرتے ہوئے انھوں نے میرے معاملات میں مداخلت کرتے ہوئے کشمیر پریمیئر لیگ میں شرکت سے روکنے کی کوشش کی،میرے لیے کشمیر بھی دیگر وینیوز کی طرح ایک ایسا مقام ہے جہاں کرکٹ کھیلی جا رہی ہے،بی سی سی آئی کا اچانک مجھے روکنے کی کوشش کرنا بڑا عیجب تھا۔

اوورسیز واریئرز کی ٹیم میں شامل سابق پروٹیز اسٹار نے کہا کہ میں بھارت میں کرکٹ کھیلنے کے ساتھ بطور کوچ اور کنسلنٹ بھی کام کرتا رہا ہوں،میرے وہاں بہت سارے دوست ہیں،مجھے بھارت میں انٹری نہ دینے کی دھمکی دینا افسوسناک اور مایوس کن ہے،میں کھیلوں میں سیاسی مداخلت کو سخت ناپسند کرتا ہوں،جنوبی افریقی کرکٹ میں بھی سیاست کا عمل دخل ہے،اس طرح کی صورتحال کھیلوں کیلیے ہمیشہ مایوس کن ہوتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ مظفر آباد ایک انتہائی خوبصورت مقام ہے، اس کا محل وقوع اور وینیو بہترین ہیں، یہاں کھیلنے کا موقع ملنا میرے لیے ایک خوشگوار تجربہ رہا،کشمیر پریمیئر لیگ کے افتتاحی ایڈیشن کا حصہ بننا بڑی خوشی کی بات ہے،اب تک ہونے والے میچز سے شائقین کو بھرپور تفریح حاصل ہوئی،ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اسی طرح کے مقابلوں کی توقع ہوتی ہے۔

گبز نے کہا کہ جنوبی افریقہ میں موسم سرد اور کورونا وائرس کی پابندیوں کے پریکٹس کا اچھا موقع نہیں مل سکا، یہاں بھی فوری طور پر نیٹ کی سہولت میسر نہیں آ سکی، اسی لیے بغیر کسی تیاری کے میچ کھیلنا مناسب نہیں ہوگا، بہرحال جلد ہی کوئی سرپرائز سامنے آ سکتا ہے۔

پاکستان سمیت کسی بھی انٹرنیشنل ٹیم کی کوچنگ کرسکتا ہوں

ہرشل گبز کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی لیگز میں تجربے کی بنیاد پر کسی بھی انٹرنیشنل ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داریاں سنبھال سکتا ہوں،پاکستان ٹیم کا کوچ بننے کے حوالے سے سوال پر انھوں نے کہا کہ ابھی تک کئی لیگز کے ساتھ کام کرنے اور تجربہ حاصل کرنے کا موقع ملا ہے،کراچی کنگز کی کوچنگ سے بھی لطف اندوز ہوا، ٹیم متحد اور ماحول بڑا شاندار ہے، پی ایس ایل کے دوسرے مرحلے میں ہم کارکردگی کا تسلسل برقرار نہیں رکھ سکے، بہر حال تجربہ خوشگوار رہا، کراچی کنگز کے لیے مزید کام کرنے کا خواہاں ہوں۔


''گبزکراچی کنگز میں عماد کے کوچ،کشمیرلیگ میں عماد گبزکے کپتان''

کراچی کنگز میں عماد وسیم کے کوچ ہرشل گبزاوورسیز واریئرز میں ان کی زیرقیادت کھیل رہے ہیں،اس حوالے سے سوال پر انھوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں بطور کوچ عماد وسیم کے ساتھ میرا اچھا تال میل ہے،کشمیر پریمیئر لیگ میں اوور سیز واریئرز کی قیادت آل راؤنڈر کے ہاتھ میں ہے، میں بطور کھلاڑی ان کے اسکواڈ میں شامل ہوں،یہ ایک منفرد اور خوشگوار تجربہ ہے جس سے میں لطف اندوز ہورہا ہوں۔

ناقابل یقین پاکستان ٹیم بھی گبز کی ورلڈکپ فیورٹ ٹیموں میں شامل

ناقابل یقین پاکستان ٹیم بھی ہرشل گبز کی ورلڈکپ فیورٹ ٹیموں میں شامل ہے،سابق پروٹیز کرکٹر کا کہنا ہے کہ گرین شرٹس حیران کن کارکردگی پیش کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اس لیے ان کو ٹائٹل کی دوڑ سے باہر نہیں کیا جا سکتا،بھارت اور انگلینڈ بھی فیورٹس میں شامل ہیں،بہرحال بڑا انحصار کنڈیشنز پر بھی ہوگا،اسپن پچز ہوئیں تو ویسٹ انڈین ٹیم خطرناک نہیں ہوگی کیونکہ بیٹسمین بیٹ پر آنے والی گیندیں پسند کرتے ہیں، بنگلہ دیش اور سری لنکا کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

ہرشل گبز نے کہا کہ ویراٹ کوہلی، بابر اعظم، جوز بٹلر سمیت چند دیگر بیٹسمین بھی اعلیٰ معیار کی کارکردگی دکھا رہے ہیں، ان کی خوبی یہ ہے کہ ہر طرح کی کنڈیشنز میں پرفارم کرسکتے ہیں اور اپنی وکٹ آسانی سے نہیں گنواتے، ویسٹ انڈیز کے پاس بھی پاور ہٹرز موجود ہیں،ڈی ویلیئرز تو ریٹائر ہوچکے، ویراٹ کوہلی، بابر اعظم، جوز بٹلر اور اسٹیواسمتھ سب بہترین مہارت رکھتے ہیں، سب سے بڑی بات یہ ہے کہ رنز کی بھوک ان کو دوسروں سے الگ تھلگ اور منفرد بناتی ہے۔

محمد عامر حیران کن صلاحیتوں کے مالک بولرہیں، کبھی ہار نہیں مانتے

ہرشل گبز نے محمد عامر کو حیران کن صلاحیتوں کا مالک بولر قرار دے دیا،سابق پروٹیز کرکٹر کا کہنا ہے کہ میں نے پیسر کا کئی سال قبل سامنا کیا تھا، ہمیشہ سے ان کو دوسروں سے مختلف صلاحیتوں کا حامل بولر سمجھتا رہا ہوں،ان کے آرٹ کو خود ان کے سوا کوئی نہیں سمجھتا،وہ ہر طرح کی کنڈیشنز میں بولنگ کی مہارت رکھتے ہیں، ناقابل یقین صلاحیتوں کے حامل پیسر کا عزم لاجواب ہے،وہ کسی موقع پر بھی ہار نہیں مانتے اور اپنی 120فیصد کوشش کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کنگز کے ساتھ کام کرتے ہوئے مجھے محمد عامر کو زیادہ قریب سے جاننے کا موقع ملا،وہ ایکشن میں ہوں تو بہتر کارکردگی کیلیے ان کو کسی طرح کی تحریک دلانے کی ضرورت نہیں پڑتی،عامر مکمل طور پر ایک پروفیشنل کرکٹر کا رویہ رکھتے ہیں،میں ان کی دل سے قدر کرتا ہوں۔
Load Next Story