سیاسی جماعتوں کو ملک دشمن قرار دینے پر عدلیہ حکومت کیخلاف نوٹس لے ن لیگ

پارلیمنٹ میں عوام کی نمائندگی کرنے والی سیاسی جماعتوں کو اینٹی اسٹیٹ قرار دینا گمراہ کن پروپیگنڈا ہے، شاہد خاقان عباسی

135 صفحات کی جو رپورٹ وہ لے کر آئے خود انہوں نے نہیں پڑھی، شاہد خاقان عباسی (فوٹو : فائل)

مسلم لیگ (ن) نے حکومت کی اینٹی اسٹیٹ ایکٹرز سے متعلق رپورٹ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ رپورٹ انتہائی گمراہ کن پروپیگنڈا اور ہیش ٹیگس پر مشتمل ہے عمراں خان کی حکومت فاشسٹ ہے، امید ہے عدلیہ ان رپورٹس کا سوموٹو ایکشن لے گی۔

مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ایک وزیر اور نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر نے کل پریس کانفرنس کی، 135 صفحات کی جو رپورٹ وہ لے کر آئے خود انہوں نے نہیں پڑھی، یہ رپورٹ ڈیجیٹل میڈیا ونگ وزارت اطلاعات نے تیار کی ہے اور رپورٹ کا عنوان ہے"ریاست دشمن بیانات"۔

انہوں ںے کہا کہ یہ رپورٹ جون 19 سے اگست 22 تک ہے، ریاست دشمنوں میں اسرائیل اور ہندوستان کا نام لیا گیا جس میں شک نہیں، بلوچ علیحدگی پسندوں کا نام لیا گیا وہ بھی یقیناً ملک کے خلاف کام کر رہے ہیں لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ ملک کی سیاسی جماعتیں جو عوام کی پارلیمنٹ میں نمائندگی کرتی ہیں انہیں بھی اینٹی اسٹیٹ قراردیا گیا۔


شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نام نہاد جمہوری حکومت جو چوری شدہ الیکشن کے نتیجے میں وجود میں آئی وہ سیاست دانوں، صحافیوں، محب وطن لوگوں کو ریاست دشمن کہے تو باقی کیا رہ جاتا ہے؟ کسی مارشل لا میں اتنے صحافی نہیں اٹھائے گئے جتنے اس حکومت میں اٹھائے گئے، عوام کی آواز دبانے کی ایسی کوشش کسی دور میں نہیں ہوئی۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ فوری طور پر افغان صورتحال پر پارلیمنٹ کا اجلاس ہو، مشترکہ اجلاس کو افغانستان کے بارے میں آگاہ کیا جائے۔

اس موقع پر خرم دستگیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور وہ جماعتیں جو آئین کی عمل داری کا مطالبہ کرتی ہیں وہ ریاست مخالف نہیں، بنیادی شہری حقوق کی بات کرنا ریاست مخالفت نہیں، ریاست مخالفت تو عمران حکومت ہے۔
Load Next Story