کراچی سی ویو سیکیورٹی ہٹانے پر شہری پھنسے ہوئے جہاز پر چڑھ گئے

شہری اہم مشینری اور آلات پر چڑھ کر سیلفیاں بناتے رہے، جس سے جہاز کو نکالنے کے لیے کیے گئے انتظامات کو نقصان پہنچا

شہری اہم مشینری اور آلات پر چڑھ کر سیلفیاں بناتے رہے، جس سے جہاز کو نکالنے کے لیے کیے گئے انتظامات کو نقصان پہنچا۔(فوٹو:ایکسپریس)

یوم آزادی کے موقع پر عوام کی بڑی تعداد کی آمد کے باوجود ساحل پر پھنسے جہاز کی سیکیورٹی ہٹا لی گئی، شہریوں کی بڑی تعداد جہاز تک پہنچ گئی, متعدد من چلے جہاز پر بھی چڑھ گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق انتظامیہ نے کراچی کے ساحل پر پھنسے بحری جہاز کی سیکوریٹی ہٹا دی ہے جس کی وجہ سے یوم آزادی پر ساحل کا رخ کرنے والی عوام کی بڑی تعداد جہاز تک پہنچ گئی۔ جب کہ جہاز کی ری فلوٹنگ کے آپریشن کی تیاریاں مکمل نہ ہوسکیں اور پہلے سے کیے گئے انتظامات کو بھی نقصان پہنچا۔ جہاز کا عملہ عوام کے جم غفیر کو دیکھ کر حیران ہوگیا اور جہاز کی سیکیورٹی میں ناکامی پر تشویش کا اظہار کیا۔


جہاز رانی کے ماہرین کے مطابق ساحل پر پھنسے جہاز کی حفاظت حکومت پاکستان کی ذمے داری ہے اور پاکستان پہلے ہی اس جہاز کو حفاظتی تحویل میں لے چکا ہے، اس کے باوجود پورٹ حکام اور ساحلی امور کی وزارت جہاز کو سیکیورٹی فراہم کرنے میں ناکام رہی جو بین الاقوامی میری ٹائم قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے۔

جہاز کی ری فلوٹنگ کرنے والے عملے کے اراکین کی مطابق سیکیورٹی ختم ہونے سے عوام کو جہاز تک پہچنے کی کھلی چھوٹ مل گئی اور شہریوں کا ہجوم ساحل پر نصب مشینری اور آلات پر چڑھ کر سیلفیاں بناتا رہا جس سے اہم مشینری اور آلات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ جب کہ جہاز کو اتوار کے روز نکالنے کے لیے کیے گئے انتظامات کو بھی نقصان پہنچا۔ اور اب کل از سر نو ری فلوٹنگ کے لیے گراؤنڈ پر کیے گئے انتظامات کا جائزہ لینا ہوگا۔
Load Next Story