ٹھٹھہ لڑکی کی لاش قبر سے نکال کر بے حرمتی کرنے والا پولیس مقابلہ میں ہلاک

پولیس نے ڈرگ مافیا کے خلاف بھی آپریشن تیز کردیا ہے، ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس

وزیراعلیٰ سندھ نے خواتین، بچوں اور اقلیتوں کے خلاف جرائم کو ناقابلِ برداشت قرار دیا ہے، ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس فوٹو: فائل

ٹھٹھہ میں 14 سالہ لڑکی کی لاش قبر سے نکال کر بے حرمتی کرنے والا ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔

ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس کراچی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ٹھٹھہ پولیس نے وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر 14 سالہ بچی کی لاش قبر سے نکال کر بے حرمتی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہے اور واقعے کی اطلاع ملنے کے 12 گھنٹوں میں ملزم رفیق چانڈیو پولیس مقابلے کے دوران ہلاک ہوگیا۔


ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس نے مزید کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے خواتین، بچوں، اقلیتوں کے خلاف جرائم کو ناقابلِ برداشت قرار دے دیا ہے جب کہ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر پولیس نے ڈرگ مافیا کے خلاف بھی آپریشن تیز کردیا ہے۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل ٹھٹہ کے قریب گاؤں اشرف چانڈیو کے رہائشی محنت کش رمضان چانڈیو کے مطابق اس کی14 سالہ بیٹی آمنہ 2 روز قبل انتقال کر گئی تھی جس کی گزشتہ رات تدفین کی گئی۔ صبح گاؤں والے قبرستان گئے تو قبر کو کھلا پایا اور لڑکی کی لاش غائب تھی۔

اطلاع ملنے پر گاؤں کے لوگ بڑی تعداد میں پہنچ گئے جنھوں نے اطراف میں تلاش شروع کی تو قریب واقع گنے کے کھیتوں سے آمنہ کی لاش ملی جس کے آدھے جسم پر کفن بھی نہیں تھا۔
Load Next Story