چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کا بطور ایڈہاک سپریم کورٹ جج حلف اٹھانے سے انکار
ایکسپریس نیوز کے مطابق چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی شیخ نے صدر پاکستان اور چیف جسٹس سپریم کورٹ کو خطوط ارسال کیے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ حلف برادری کے نوٹی فکیشن سے متعلق رجسٹرار نے مجھے دوپہر کو آگاہ کیا، تین خطوط کے ذریعے بطور ایڈہاک جج تعینات سے انکار کرچکا ہوں۔
جسٹس احمد علی شیخ نے خط میں مزید کہا ہے کہ میرے انکار کے بعد نوٹی فکیشن غیر قانونی ہے، اطلاعاً عرض ہے کل ہونے والی حلف برادری کی تقریب میں شریک نہیں ہوں گا۔
اسی ضمن میں سندھ بار کونسل، سندھ ہائی کورٹ بار اور کراچی بار ایسوسی ایشنز نے جسٹس احمد علی ایم شیخ کی حمایت میں منگل کو مکمل عدالتی بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔
وائس چیئرمین سندھ بار کونسل ضیاء الحسن لنجار کے مطابق وکلا منگل کو صوبے بھر کی عدالتوں میں پیش نہ ہوں، سندھ ہائی بار کونسل کو ایڈہاک جج تعیناتی پر سخت تحفظات ہیں۔
سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سیکریٹری عمر سومرو نے کہا ہے کہ وکلا منگل کوعدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی ایم شیخ کو ایڈہاک جج تعینات کرنا سپریم کورٹ کے فیصلوں کی نفی ہے۔
اسی طرح کراچی بار نے بھی منگل کو تمام ضلعی عدالتوں کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔ کراچی بار کا کہنا ہے کہ جسٹس احمد علی ایم شیخ کو سپریم کورٹ میں بطور ایڈہاک جج تعینات کرنے پر شدید تحفظات ہیں۔