طالبان کی ڈوجنگ کار سے لطف اندوز ہونے کی ویڈیو وائرل
افغانستان میں جنگوں سے چور نوجوان طالبان کے اندر کا چھپا بچہ باہر آگیا۔ سوشل میڈیا پر ویڈیوز وائرل ہوگئیں جس میں طالبان تفریحی پارکس میں ڈوجنگ کار سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر ایک صارف نے لکھا کہ ان میں سے کتنے ہی نوجوان طالب کا بچپن امریکا کی چھیڑی گئی ہولناک جنگ کی نذر ہوگیا، دنیا کو افغان عوام کے دکھوں کو سمجھنا اور ان کا مداوا کرنا چاہیے۔
ایک اور ویڈیو بھی سامنے آئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملک کی رونقیں بحال ہورہی ہیں۔ بازار کھلے ہیں اور جگمگا رہے ہیں جہاں خریدار بھی موجود ہیں۔ طالبان عہدے داروں نے جب بازار کا دورہ کیا تو شہریوں نے ان کے ساتھ سیلفیاں بھی لیں۔
اسی طرح کی ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں طالبان جم میں موجود ایکسرسائز مشینوں پر ورزش کررہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر کسی نے اس جم کو امریکی فوج کا خالی کیا گیا جم قرار دیا تو کسی نے صدارتی محل کا جم کہا۔
طالبان کی اپنے سخت دشمن اور شمالی اتحاد کے کمانڈر عبدالرشید دوستم کے محل پر قبضے کے بعد اس میں ناشتے اور کھانے پینے کی ویڈیو بھی سامنے آئی۔ افغانستان جیسے غریب اور پسماندہ علاقے میں دوستم کے محل نما گھر اور قیمتی سامان کو دیکھنے کے بعد اس کے شاہانہ طرز زندگی سے متعلق سوالات بھی پیدا ہوئے۔
افغان جنگ میں فتح کے نتیجے میں امریکا اور افغان فوج کا چھوڑا گیا اسلحہ اور عسکری ساز و سامان بھی طالبان کے ہاتھ لگا۔ ان میں امریکی ہیلی کاپٹرز بھی شامل ہیں جو افغان حکومت کو دیے گئے تھے۔
اس حوالے سے سوالات پیدا ہوئے کہ کیا طالبان ان ہیلی کاپٹرز اور جنگی طیاروں کو اڑانا بھی جانتے ہیں۔ تو ایک ویڈیو سامنے آگئی جس میں طالبان اسلحے کے ساتھ جنگجو ہیلی کاپٹر میں سفر کررہے ہیں۔