اسرائیلی وزیراعظم نے کورونا ویکسین کی ’بوسٹر ڈوز‘ لگوالی

اسرائیل میں 40 سال سے زائد عمر والوں کو کورونا کا تیسرا ٹیکہ بطور بوسٹر ڈوز لگانے کی مہم جاری ہے

اسرائیلی وزیراعظم نے فائزر ویکسین کا تیسرا ٹیکہ بھی لگوالیا، فوٹو: فائل

اسرائیل کے وزیراعظم نفتالی بینیٹ نے فائزر کی کورونا ویکسین کا بطور تقویتی خوراک (Booster Dose) تیسرا ٹیکہ بھی لگوالیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل میں کورونا ویکسینیشن کا عمل مکمل ہوچکا ہے تاہم مہلک وائرس کی نئی بھارتی قسم ''ڈیلٹا'' کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے فائزر ویکسین کا تیسرا ٹیکہ بطور بوسٹر ڈوز لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اسرائیلی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ بوسٹر ڈوز ایسے افراد کو لگائی جائیں گی جن کو دونوں ٹیکوں لگے پانچ ماہ کا عرصہ بیت گیا ہو۔ اب تک دس لاکھ شہریوں کو فائزر ویکسین کا تیسرا ٹیکہ لگایا جا چکا ہے جب کہ تمام بالغ افراد کورونا کے 2 ٹیکوں کا کورس مکمل کرچکے ہیں۔


اسرائیل میں تقویتی خوراک یعنی بوسٹر ڈوز لگانے کی مہم کا آغاز گزشتہ ماہ کیا گیا تھا جس میں 60 سال سے زائد عمر والوں کو ٹیکے لگائے گئے تھے جس کے بعد 50 سال سے زائد والوں کو ٹیکے لگائے تھے اور اب 40 سے اوپر والوں کو خوراک لگانے کا عمل شروع کیا گیا ہے۔

بوسٹر ڈوز لگوانے کے بعد اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ اگر شہری کورونا کی بوسٹر ڈوز نہیں لگوائیں تو ملک میں چوتھے لاک ڈاؤن کا نفاذ ناگزیر ہوجائے گا۔ لاک ڈاؤن سے بچنے کے لیے شہری جلد از جلد بوسٹر ڈوز لگوالیں۔

واضح رہے کہ طبی تحقیق میں ثابت ہوا ہے کہ کورونا ویکسین کا تیسرا ٹیکہ مہلک وائرس کے خلاف مدافعت کو زیادہ مستحکم بناتا ہے اور بوسٹر ڈوز کورونا کی تمام اقسام کے خلاف بھی زیادہ کارگر ثابت ہوتا ہے۔

 
Load Next Story