5 سال میں ٹرالر ڈمپر اورواٹرٹینکر سے 583 اموات ہوئیں

2016 سے اگست 2021 تک ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر 1238 جانیں ضایع ہوئیں

ٹرالروں کے حادثات میں 333 لوگ ہلاک ہوئے، زیادہ حادثات ضلع غربی میں ہوئے فوٹو:فائل

کراچی میں ہونیوالے ٹریفک حادثات میں تقریباً نصف فیصد جانی نقصان کا سبب ٹرالر، ڈمپر اور شہر میں پانی سپلائی کرنیوالے ٹینکرہوتے ہیں، جبکہ سب سے زیادہ اموات ٹرالروں کی وجہ سے ہونیوالے روڈ حادثات میں ہوتے ہیں۔

سرکاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ ساڑھے 5سال کے دوران شہر میں ہونے والے ٹریفک حادثات کے دوران 1238 جانیں ضایع ہوئیں جس کا تقریباً نصف فیصد یعنی583 اموات بھاری گاڑیوں کی وجہ سے ہونے والے حادثات میں ہوئیں، بھاری گاڑیوں کے باعث ہونے والے حادثات میں سب سے زیادہ اموات ٹرالروں کی وجہ سے ہوئیں۔


صرف ٹرالروں کے ذریعے ہونے والے حادثات میں کم از کم 333 لوگ ہلاک ہوئے، مذکورہ انکشاف ٹریفک پولیس کی جانب سے سال 2016 سے اگست 2021 تک شہر میں ہونے والے ٹریفک حادثات سے متعلق جمع کیے گئے اعداد وشمار میں کیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی ٹریفک کراچی کے دفتر سے ''ایکسپریس ٹریبیون ''کو فراہم کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق شہر میں مذکورہ مدت کے دوران ٹرالروں کے بعد سب سے زیادہ اموات پانی کے ٹینکروں کے باعث ہونے والے حادثات میں ہوئیں،مذکورہ مدت کے دوران کم ازکم 115 لوگ پانی کے ٹینکروں کی وجہ سے ہونے والے حادثات میں ہلاک ہوئے اعدادو شمار کے مطابق شہر میں سب سے زیادہ حادثات کراچی کے ضلع ویسٹ میں ہوئے۔
Load Next Story