اسٹیو جابز کے دستخط والا مینوئل 13 کروڑ روپے میں فروخت

ایپل II کمپیوٹر کے اس 41 سال پرانے مینوئل پر اسٹیو جابز کے دستخط اور خصوصی پیغام بھی ہے

ایپل II کمپیوٹر کے اس 41 سال پرانے مینوئل پر اسٹیو جابز کے دستخط اور خصوصی پیغام بھی ہے۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

گزشتہ دنوں ایپل کمپیوٹرز کے شریک بانی اسٹیو جابز کا 1980 میں دستخط کردہ آپریٹنگ مینوئل 7 لاکھ 87 ہزار 484 ڈالر (13 کروڑ پاکستانی روپے) میں نیلام ہوا، جسے ارب پتی امریکی تاجر جِم اِرسے نے خریدا۔

196 صفحات کا یہ مینوئل جس پر اسٹیو جابز اور ایپل کمپیوٹرز کے دوسرے سی ای او مائیک مارکیولا کے دستخط ایک ساتھ موجود ہیں، بوسٹن کے ''آر آر آکشن'' سے نیلام ہوا جو برطانوی نژاد جولین بریور کی ملکیت تھا۔

مینوئل پر دستی تحریر کی پوری عبارت کچھ یوں ہے:

''جولین، تم اس پہلی نسل سے ہو جو کمپیوٹر کے ساتھ پروان چڑھے گی۔ جاؤ، دنیا کو بدل دو!''


جولین بریور نے بتایا کہ ان کے والد مائیک بریور 1980 میں ایپل کارپوریشن کی مصنوعات برطانیہ میں فروخت کرنے کےلیے خصوصی حقوق حاصل کرنا چاہتے تھے اور اسی بارے میں اسٹیو جابز اور مائیک مارکیولا سے ان کے مذاکرات جاری تھے۔


اسی سلسلے کی ایک نجی ملاقات برطانیہ میں مائیک بریور کے گھر پر ہوئی۔

''میں بیڈروم میں اپنے ایپل ٹو (Apple II) کمپیوٹر پر گیم (کا کوڈ) لکھ رہا تھا کہ ابو نے مجھے کچھ مہمانوں سے ملنے کےلیے بلوایا'' جولین نے بتایا۔

''میں یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ وہ مہمان اسٹیو جابز اور مائیک مارکیولا تھے۔ انہوں نے یہ مینوئل مجھے دے دیا۔ شاید ابو سے ان کی ملاقات اچھی رہی تھی، اسی لیے یہ مینوئل مجھے بہت اہتمام سے دیا گیا؛ جس کی اہمیت کا اندازہ مجھے بہت بعد میں ہوا۔''

واضح رہے کہ جولین کے والد مائیک بریور بعد ازاں ''ایپل یو کے لمیٹڈ'' کے پہلے مینیجنگ ڈائریکٹر بھی مقرر ہوئے۔
Load Next Story