وزیراعظم کا رمیز راجا کو نیا چیئرمین پی سی بی بنانے کا فیصلہ

وزیراعظم نے پی سی بی کے موجودہ چیئرمین احسان مانی کو اگلے 3 سال کیلئےتوسیع نہ دینے سے آگاہ کردیا، ذرائع

وزیراعظم رمیزراجا کا نام بطور ممبر پی سی بی بورڈ آف گورنرز کو بھجوائیں گے۔ فوٹو:فائل

وزیراعظم عمران خان نے احسان مانی کی جگہ سابق ٹیسٹ کرکٹر رمیز راجا کو پاکستان کرکٹ بورڈ کا چیئرمین بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور سابق ٹیسٹ کپتان رمیز راجا نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی، اس موقع پر پاکستان کرکٹ کی زبوں حالی اور مسائل کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ احسان مانی نے وزیر اعظم کو کرکٹ کے معاملات سے آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے موجودہ چیئرمین احسان مانی کو فارغ کر دیا اور اگلے 3 سال کے لئے توسیع نہ دینے اور رمیز راجا کو چیئرمین پی سی بی کی ذمہ داریاں سونپنے کے فیصلے سے آگاہ کیا۔


رمیز راجا نے چیئرمین کرکٹ بورڈ کی ذمہ داریاں تفویض کرنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم رمیز راجا کا نام بطور ممبر پی سی بی بورڈ آف گورنرز کو بھجوائیں گے، اور پی سی بی بورڈ آف گورنرز رمیز راجا کو نیا چیئرمین پی سی بی منتخب کرے گا۔

 
Load Next Story