24 گھنٹوں میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں 5 کشمیری نوجوان شہید

2 نوجوانوں کو سری نگر اور 3 کو سوپور میں شہید کیا گیا

نوجوانوں کو نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا گیا، فوٹو: فائل

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کی تعداد 5 ہوگئی۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق رات گئے سری نگر میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران قابض بھارتی فوج نے اندھا دھند فائرنگ کرکے 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا جب کہ آج صبح سوپور میں بھی بھارتی فوج کی فائرنگ سے مزید 3 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔


بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ سری نگر اور سوپور میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا گیا تھا جس کے دوران مسلح نوجوانوں نے گرفتاری دینے کے بجائے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کردی تھی۔

ادھر کُل جماعتی حریت کانفرنس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ معصوم اور نہتے نوجوانوں کو بھارتی فوج نے اپنی بربریت کا نشانہ بنایا۔ ستم بالائے ستم یہ ہے کہ نوجوانوں کی لاشوں کو لواحقین کے حوالے نہیں کیا جا رہا ہے۔

مودی سرکار کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد سے بھارتی فوج نے وادی کو قید خانے میں تبدیل کردیا ہے جہاں ماورائے عدالت قتل معمول کی بات بن گئے ہیں تاہم غیور کشمیری اپنے حق سے دستبردار ہونے کو تیار نہیں۔
Load Next Story