ٹیکس وصولیوں میں جولائی تا جنوری 80 ارب کے شارٹ فال کا خدشہ

28جنوری تک1151.56 ارب روپے جمع، 1289.9 ارب کا ہدف حاصل کرنے کیلیے3روز میں 138.34ارب وصول کرناہونگے

رواں ماہ120.14ارب کاٹیکس ملا،ریونیوشارٹ فال میں کمی کیلیے ریفنڈزکا سست رواجرا،سال بہ سال23فیصدکم ادائیگیاں کی گئیں فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کی طرف سے ریونیو شارٹ فال میںکمی لانے اور ٹیکس وصولیوں کے اہداف کے حصول کے لیے ٹیکس دہندگان کے ریفنڈز روکنے کا انکشاف ہوا ہے ۔

لیکن اس کے باوجود رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ کے دوران ایف بی آرکا ریونیو شارٹ فال 80 ارب روپے سے زائد رہنے کا خدشہ ہے تاہم ایف بی آر کورواں مالی سال کے جولائی تا جنوری2013-14 کے لیے مقرر کردہ1289.9 ارب روپے کی وصولیوں کا ہدف حاصل کرنے کے لیے آئندہ 3روز میں 138.34ارب روپے کی وصولیاں کرنا ہونگی۔ ''ایکسپریس'' کو ایف بی آر سے دستیاب ٹیکس وصولیوں کے عبوری اعدادوشمار کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے رواں مالی سال 28 جنوری تک 1151.56 ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں کیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں988.203ارب روپے کی وصولیوں سے 16.5فیصد زیادہ ہیں، ایف بی آر نے رواں ماہ اب تک120.144 ارب روپے کی وصولیاں کیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 99.23ارب روپے کی وصولیوں سے 21.1 فیصد زیادہ ہیں۔




تاہم 168.8 ارب روپے کا ماہانہ ہدف حاصل کرنے کے لیے چند روز میں ایف بی آر کو48.66 ارب روپے کی وصولیاں کرنا ہونگی۔ دستاویز کے مطابق رواں مالی سال اب تک انکم ٹیکس کی مد میں 413.52 ارب، سیلز ٹیکس548.07ارب، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی65.73ارب اور کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں124.24ارب روپے کی وصولیاں کی گئیں جبکہ رواں ماہ 31.54ارب کا انکم ٹیکس، 66.39ارب کا سیلز ٹیکس، 8.07ارب روپے کی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور14.151ارب روپے کی کسٹمز ڈیوٹی وصول کی گئی۔ دستاویز کے مطابق رواں ماہ ٹیکس دہندگان کو5.06ارب روپے کے ریفنڈز جاری کیے گئے جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں جاری کردہ 6 ارب 54کروڑ10 لاکھ روپے کے ریفنڈ سے بھی23 فیصد کم ہیں۔
Load Next Story