امیرِ طالبان ہبت اللہ اخوند زادہ کی تصویر پہلی بار منظرعام پر

ملا ہبت اللہ اخوند زادہ کی تصویر ایک ہفتے قبل قندھار کی ایک لائبریری میں لی گئی تھی

تصویر قندھار لائبریری میں ایک ہفتے قبل لی گئی تھی، فوٹو: فائل

امیر طالبان ہبت اللہ اخوند زادہ کی ایک تازہ تصویر منظر عام پر آئی ہے یہ تصویر قندھار کی ایک لائبریری میں لی گئی ہے۔

عالمی نشریاتی ادارے الجزیرہ کے افغانستان میں نامہ نگار حمید محمد شاہ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ تصویر قندھار کی ایک لائبریری میں بیٹھے امیر ہبت اللہ اخوند زادہ کی ہے۔

الجزیرہ کے نمائندہ خصوصی کے مطابق یہ تصویر ایک ہفتے قبل قندھار میں لی گئی تھی جہاں امیر طالبان حکومت سازی کے سلسلے میں مشاورت میں مصروف ہیں۔

یہ خبر پڑھیں : ترجمان طالبان کا امیر ہیبت اللہ اخوند زادہ سے متعلق بڑا انکشاف


تصویر میں امیر طالبان ہبت اللہ اخوند زادہ نہایت خوشگوار موڈ میں دکھائی دے رہے ہیں اور قریب ہی قہوہ کی پیالی بھی رکھی ہے۔ تصویر سے گمان ہوتا ہے کہ امیر طالبان اپنے رفقا کے ساتھ گفتگو کر رہے ہیں۔

طالبان کی جانب سے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس تصویر کے بارے میں کسی قسم کا ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔



قبل ازیں ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی تصدیق کی تھی کہ امیر طالبان ہبت اللہ اخوند زادہ شروع سے ہی قندھار میں موجود ہیں اور افغانستان میں طالبان کی پیش قدمی سے کابل کا کنٹرول حاصل کرنے تک کی نگرانی و سربراہی کرتے رہے ہیں اور اس وقت حکومت سازی پر مشاورت بھی کر رہے ہیں۔

ترجمان طالبان نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ امیر طالبان ہبت اللہ اخوند زادہ جلد منظر عام پر بھی آئیں گے۔
Load Next Story