آسٹریلیا نے انگلینڈ کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 13 رنز سے شکست دے دی
آسٹریلیا نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں میزبان انگلینڈ کو 13 رنز سے شکست دے کر3 میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
اوول کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کارگر ثابت ہوا اور آسٹریلین اوپنرز کے سامنے انگلش بولرز بے بس دکھائی دیئے،گینگروز اوپنرز نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 106 رنز بنائے، کیمرون وائٹ 75 اور ایرن فنچ 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان جارج بیلی14 اور گلین میکسویل نے 20 رنز بنا ئے، آسٹریلیا نے 4 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں 213 رنز بنائے، کریس لین 33 اور ڈینیل کریسچین 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے،انگلینڈ کی جانب سے اسٹریٹ براڈ، لیوک رائٹ، راوی بوپارا اور جیڈی ڈرنابیچ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں انگلینڈ کی ٹیم نے انتہائی مایوس انداز میں اپنی بیٹنگ کا آغاز کیا اور 14 کے مجموعی اسکور پر مچل لمب 9 رنز بنا کرآؤٹ ہوگئے اسی طرح لیوک رائٹ بھی 9 رنز ہی بنا سکے، راوی بوپارا کے علاوہ انگلینڈ کا کوئی بھی کھلاڑی کینگروز بولرز کا جم کر مقابلہ نہ کرسکا، راوی بوپارا نے 40 گیندوں پر 65 رنز بنائے اوریوں مقررہ اوورز میں انگلش ٹیم 9 وکٹوں پر 200 رنز ہی بنا سکی۔
آسٹریلیا کی جانب سے کلٹرل نیل نے 4، موئسز ہینرک نے 2، گلین میکسویل اور جیمس مورہیڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، شاندار بیٹنگ کرنے والے کیمرون وائٹ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔