وفاق اور صوبوں میں سیلز ٹیکس قوانین ہم آہنگ بنانے پر اتفاق

نیشنل ٹیکس کونسل کا پہلا اجلاس، مل جل کر کام کرنا ہوگا،شوکت ترین 

نیشنل ٹیکس کونسل کا پہلا اجلاس، مل جل کر کام کرنا ہوگا،شوکت ترین  فوٹو: فائل

وفاق اور صوبوں کے درمیان جنرل سیلز ٹیکس سے متعلق وفاقی و صوبائی قوانین ہم آہنگ بنانے پر اصولی اتفاق ہوگیا ہے۔

وفاق اور صوبوں کے درمیان جنرل سیلز ٹیکس سے متعلق وفاقی و صوبائی قوانین اور پروسیجر کو ہم آہنگ بنانے (ہارمونائزیشن) پر اصولی اتفاق ہوگیا ہے، اس ضمن میں جلد فیصلہ کیا جائیگا۔

یہ اتفاق رائے وفاقی وزیرخزانہ شوکت ترین کی زیرصدارت نیشنل ٹیکس کونسل (این ٹی سی)کے پہلے اجلاس میں ہوا جس میں صوبائی وزراء خزانہ اور دیگر حکام نے شرکت کی۔


ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاقی اور چاروں صوبائی ٹیکس اتھارٹیز کے درمیان مل جل کر کام کرنے اور ٹیکس قوانین کی ہارمونائزیشن پر اصولی اتفاق ہوا ہے۔ تاہم سروسز پر سیلز ٹیکس وصولی صوبوں کے پاس ہی رہے گی۔ اس اقدام سے ٹیکس دہندگان کو سہولت ملے گی اور سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہوگا۔

وزیر خزانہ نے اجلاس میں کہا کہ جنرل سیلزٹیکس کو ہم آہنگ کرنے میں وفاق اورصوبائی حکومتوں کے درمیان وسیع ترتعاون کی ضرورت ہے۔ امید ہے کہ اس ضمن میں مل جل کرکام کیا جائیگا۔

سیکرٹری خزانہ محمد یوسف نے این ٹی سی کے ٹرمز آف ریفرنس پرروشنی ڈالی۔ ایف بی آر اور صوبائی وزارت ہائے خزانہ نے ٹیکسوں سے متعلق امور پر مثبت اور مفید آراء دیں۔

صوبائی وزرائے خزانہ نے وفاقی حکومت کے اس اقدام کا خیرمقدم کیا اور ملک کی بہتری اورمعیشت میں پیش رفت کیلیے این ٹی سی کی چھتری تلے کام کرنے اورآگے بڑھنے کیلیے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا، کونسل کا دوسرا اجلاس رواں ماہ ہی ہوگا۔
Load Next Story