جنوبی کوریا کی ایٹمی ہتھیاروں جیسے طاقتور میزائل بنانے کی تیاری

یہ میزائل 3 ٹن تک کا وار ہیڈ لے جا سکتا ہے اور اس کی پرواز 350 سے 400 کلومیٹر تک ہوسکتی ہے

امریکی پابندیوں کے خاتمے کے بعد جنوبی کوریا نے اس منصوبے کو دوبارہ شروع کیا، فوٹو: فائل

جنوبی کوریا زمین سے زمین تک ہدف کو مار کرنے والے ایسے بیلسٹک میزائل کی تیاری کے آخری مرحلے میں ہے جو طاقت، صلاحیت اور استعداد میں ایٹمی ہتھیاروں کے برابر ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا ایک ٹیکٹیکل نیوکلیئر وار ہیڈ جیسا طاقتور میزائل تیار کرنے کے آخری مرحلے میں ہے جو 3 ٹن تک کا وار ہیڈ لے جا سکتا ہے اور جس کی پرواز 350 سے 400 کلومیٹر تک ہوسکتی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس میزائل کو سرنگوں میں گھس کر زیر زمین میزائل تنصیبات اور اڈوں کو تباہ کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ ان کے لانچ سے قبل ایٹمی اور بین البراعظمی بیلسٹک میزائلوں (آئی سی بی ایم) کو مؤثر طریقے سے ختم کیا جا سکے۔


رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر شمالی کوریا کی سرحد کے آس پاس سے فائر کیا گیا تو یہ میزائل شمالی کوریا کے تمام علاقوں تک بھی پہنچ سکتا ہے۔

جنوبی کوریا کا میزائل تیاری کا یہ منصوبہ امریکا کی جانب سے عائد پابندیوں کے مکمل خاتمے کے بعد آگے بڑھایا گیا تھا۔

اس حوالے سے جنوبی کوریا کی وزارت دفاع کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم زیادہ درست، مضبوط اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل تیار کریں گے تاکہ جزیرہ نما کوریا میں غیر قانونی مداخلت کی روک تھام ہو اور سلامتی و امن حاصل کیا جا سکے۔
Load Next Story