کوئٹہ میں فورسز کی گاڑی پر خود کش حملے میں 4 اہلکار شہید 20 زخمی

خود کش حملے میں 4 سے 5 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا، ذرائع

خودکش حملے میں 8 اہلکار بھی زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، سیکیورٹی ذرائع۔ فوٹو : رائٹرز

مستونگ روڈ پر سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر خودکش حملے کے نتیجے میں4 اہلکار شہید اور 20 زخمی ہو گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کوئٹہ کے علاقہ سونا خان میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب خودکش حملے کے نتیجے میں 4 اہلکار شہید اور20 زخمی ہو گئے، واقعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بڑی تعداد نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لیکر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا اور دھماکے کی جگہ سے شواہد اکٹھے کرنے کا کام شروع کردیا۔


سیکورٹی ذرائع کے مطابق حملہ خودکش تھا جس میں موٹر سائیکل سوار خودکش بمبار نے فورسز کی گاڑی سے خود کو ٹکرادیا، بی ڈی ایس ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئٹہ مستونگ روڈ پر خود کش دھماکے میں 4 سے 5 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا جب کہ خودکش بمبار نے مکمل ریکی کرنے کے بعد خود کو فورسز کی گاڑی سے ٹکرایا تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے کوئٹہ میں خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کی اور زخمیوں کے لئے جلد صحت یابی کی دعا کی۔

دوسری جانب وزیرداخلہ، وزیراعلیٰ بلوچستان، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور سربراہ جماعت اسلامی سراج الحق نے کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز پر خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمی ہونے والے افراد کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔
Load Next Story