حوثی باغیوں کا سعودی عرب پر میزائل اور ڈرون حملہ

میزائل کو فضا میںہی تباہ کردیا تاہم دو بچے زخمی اور متعدد گھروں کو نقصان پہنچا ہے، ترجمان عرب اتحادی افواج

میزائل فضا میں تباہ ہونے کے باعث متعدد گھروں کو بھی نقصان پہنچا، ترجمان عرب اتحادی افواج

سعودی عرب کے صوبے نجران اور جازان میں حوثی باغیوں کے میزائل حملوں کے نتیجے میں 2 بچے زخمی ہوگئے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق گزشتہ روز حوثی باغیوں نے بیلسٹک میزائل اور بارودی ڈرونز سے سعودی شہروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جس کو عرب اتحادی افواج نے ناکام بنادیا تاہم میزائل فضا میں تباہ ہونے کے باعث اس کے ٹکڑے گھروں پر لگے جس نتیجے میں 14 گھروں کو نقصان پہنچا جب کہ ایک گھر کی چھت گرنے سے 2 بچے زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔


عرب اتحادی افواج کے ترجمان جنرل ترکی المالکی کا کہنا ہے کہ حوثی باغیوں نے صوبے جازان اور نجران کو نشانہ بنایا، حوثی باغیوں نے 3 ڈرونز اور 3 بیلسٹک میزائل فائر کیے جن کو فضا میں ہی تباہ کردیا گیا تاہم میزائل کے ٹکڑے گھروں پر لگنے سے نقصان پہنچا۔

سعودی وزارت دفاع نے حوثی باغیوں کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جان بوجھ کر عام افراد کو نشانہ بنانہ نہ صرف ظالمانہ اقدام ہے بلکہ انسانیت کے بھی خلاف ہے تاہم سعودی دفاعی فورسز اپنی خودمختاری اور شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گی۔
Load Next Story